انسداد دہشت گردی عدالت ،عمران خان کی تینوں مقدمات میں ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت ،عمران خان کی تینوں مقدمات میں ضمانت منظور
انسداد دہشت گردی عدالت ،عمران خان کی تینوں مقدمات میں ضمانت منظور

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  کی زمان پارک میں پولیس تشدد سمیت دہشت گردی دفعات کے تحت درج  تینوں مقدمات میں  ضمانت منظور کر لی گئی اور پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روکدیا۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت  کے جج اعجاز بٹر  کے روبرو پیش ہوئے۔  ان کے ہمراہ وکلا کی ٹیم  بھی موجود  تھی۔عدالت نے  وکلا کے دلائل سننے کے بعد  پولیس کو عمران خان  کی گرفتاری سے روک دیا اور  تینوں مقدمات میں4 اپریل تک  ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ عمران خان کو ایک لاکھ کےضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔

اس سے قبل عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پورے ملک کو کنٹیرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے، قوم تمام رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں پہنچے گی۔ آج جلسے میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔حکومت نے جلسہ ناکام بنانے کیلئے ہمارے 1600 کارکنان پکڑ لئے، ملک کی حالت یہ ہے کہ لوگ آٹا خریدنے کیلئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جتنا  حکمران  لوگ ظلم کر رہے ہیں اتنا لوگ باہر نکلیں گے، عوام بھوک سے مر رہے ہیں، حکومت کو پرواہ ہی نہیں۔

واضح رہے کہ لاہور پولیس نے عمران خان  کے خلاف تھانہ ریس کورس میں 3 مقدمات درج کر رکھے ہیں  جن میں زمان پارک میں پولیس تشدد، جلاؤ گھیراؤ اور کارسرکار میں مداخلت کے علاوہ دہشت گردی کی سنگین دفعات شامل کی گئی  ہیں۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -