ڈرون مانیٹرنگ سے فوری ایکشن، مری کے جنگل میں لگی آگ پر 1 گھنٹے میں قابو پا لیا گیا

مری (آئی این پی ) ڈرون مانیٹرنگ اور کیوک رسپانس فاریسٹ فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مری کے جنگل میں لگی آگ پر 1 گھنٹے میں قابو پا لیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے مری میں تعینات کیوک ریسپانس فورس نے جنگل میں لگی آگ پرصرف1 گھنٹے میں قابو پالیا۔ مری میں 45 نمبر کمپارٹمنٹ ٹوپہ چاریحان بلاک جنگل میں 4 بج کر 40 منٹ پر حادثاتی طورپرآگ لگی۔ ڈیجٹل کنٹرول روم میں بذریعہ ڈرون دھواں دیکھنے پر 10 منٹ میں کیوک ریسپونس فورس دشوار گزار پہاڑی علاقے میں پہنچ گئی۔ کیوک ریسپانس فورس نے صرف 1 گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا۔ چیڑ کے قیمتی درختوں کو آتشزدگی سے بچا لیا گیا صرف گھاس کو نقصان پہنچا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بروقت اور مؤثر کارروائی پرفارسٹ فورس کو شاباش دی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محکمہ فاریسٹ کو حال ہی میں ڈرون سرویلینس ٹیکنالوجی سے مزین کیا گیا ہے۔ 5 ڈرون سرویلنس مری اور5 راولپنڈی کے جنگلوں کی 24 گھنٹے ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر مامور کیے گئے ہیں۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں مزید 50 ڈرون جنگلات کی نگرانی کریں گے۔