پائلٹ اپنا پاسپورٹ بھول گیا ، 2 گھنٹے سفر کے بعد پرواز کو واپس موڑ لیا گیا

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکہ کی یونائیٹڈ ائیرلائنز کی ایک پرواز لاس اینجلس سے شنگھائی جا رہی تھی اور اڑان بھرنے کے 2 گھنٹوں بعد ایک پائلٹ کو خیال آیا کہ اس کے پاس تو پاسپورٹ ہی نہیں اور طیارے کو واپس لے جانا پڑا۔یو اے 198 پرواز 22 مارچ کو لاس اینجلس کے وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے 257 مسافروں اور عملے کے 13 افراد کے ساتھ روانہ ہوئی اور بحرالکاہل کے اوپر شمال مغرب میں پرواز کرنے لگی۔
2 گھنٹے بعد طیارے کا رخ واپس موڑا گیا اور اسے سان فرانسسکو لے جایا گیا جہاں وہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے اترا۔فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طیارے کے ایک پائلٹ کے پاس پاسپورٹ نہیں تھا جس کے باعث ہم نے سان فرانسسکو پرواز کے لیے نئے عملے کا انتظام کیا اور طیارے کو رات 9 بجے دوبارہ شنگھائی کی جانب روانہ کیا گیا۔یہ طیارہ معمول سے کافی گھنٹے تاخیر سے شنگھائی میں پہنچا۔
طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر یانگ شوہان نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ اس نے انٹرکام میں پائلٹ کی بہت زیادہ پریشان کن آواز سنی تھی جو کہہ رہا تھا کہ میں اپنا پاسپورٹ بھول کر آگیا ہوں۔