پشاور میں کیش وین ڈکیتی کا ڈراپ سین، ماسٹر مائنڈ خود وین کا ڈرائیور نکلا، 4 ملزمان گرفتار

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پشاور کے علاقے نشتر آباد میں بینک کیش وین کو لوٹنے والے 4 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ وی نیوز کے مطابق ایس ایس پی آپریشن مسعود بنگش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نشتر آباد میں بینک وین کی ڈکیتی میں مرکزی ملزم اور ماسٹر مائنڈ خود وین کا ڈرائیور نکلا۔
انہوں نے کہا کہ کیس کو 24 گھنٹوں سے پہلے ہی ٹریس کرلیا گیا جس کے لئے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی اور جیو فینسنگ کی مدد لی گئی اور ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی۔
ایس ایس پی نے کہا ہے کہ واردات میں ڈرائیور سمیت 4 ملزمان ملوث نکلے جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان سے لوٹے گئے 3 کروڑ روپے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیش وین کا ڈرائیور پچھلے 6 ماہ سے اس جاب پر تھا تاہم ڈرائیور کی مکمل ویریفکیشن نہیں کی گئی تھی۔