ٹینکر ویگن پیٹرول، ڈیزل یا کھانے پینے کے تیل کے علاوہ کوئی بھی مائع شے لے جانے کے لیے استعمال ہوتی ہے، یہ گاڑی سیدھا ڈپو پر پہنچتی ہے

مصنف:محمدسعیدجاوید
قسط:78
ٹینکر ویگن
یہ ویگن کے بجائے ایک ٹینکر کی شکل میں ہوتا ہے جو ایک جگہ سے دوسری جگہ، پیٹرول، ڈیزل یا کھانے پینے کے تیل کے علاوہ کوئی بھی مائع شے لے جانے کے لیے استعمال ہوتی ہے اور یہ گاڑی سیدھا اپنے ڈپو پر پہنچتی ہے جہاں اس میں سے تیل وغیرہ نکال کر ذخیرہ گاہوں میں پہنچا دیا جاتا ہے اور خالی گاڑی واپس چلی جاتی ہے۔
اجناس لے جانے والی ہوپرویگن
اگر گندم یا دوسری اجناس بوریوں میں بند ہیں تو اس کے لیے عام ویگن کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کھلی حالت میں ان کو لے جانا مقصود ہو تو اس کو براہ راست کھلے چھت والی ویگن میں ڈال کر ترپال سے ڈھک دیا جاتا ہے۔
منزل مقصود پہنچنے پر گاڑی کے مقررہ مقام پر کھڑے ہوتے ہی ایک لیور کی مدد سے ویگنوں کے نیچے کا فرش کھول دیا جاتا ہے اور گندم یا دوسری اجناس نیچے بنے ہوئے حوضوں میں جا گرتی ہیں جہاں سے پمپ یا کسی اور خودکار نظام کے تحت اسے گوداموں میں منتقل کر لیا جاتا ہے۔
کول ویگن
یہ بھی ایک خصوصی مال گاڑی ہوتی ہے جس میں صرف کوئلہ لے جانے والی ویگنیں ہوتی ہیں۔ یہ کوئلہ زیادہ تر فیکٹریوں اور پاور ہاؤس میں ایندھن کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں کچھ کوئلہ غیر ملکوں سے آتا ہے اور کچھ بلوچستان میں مچھ اور سندھ میں تھر کی کوئلے کی کانوں سے بھی گاڑیاں اسے ملک کے دوسرے حصوں میں پہنچاتی ہیں۔ بندر گاہ یا کسی اور مقام سے ویگنوں میں کوئلہ بھر دیا جاتا ہے اور اس خصوصی گاڑی کی ویگنوں کو فیکٹری یا بجلی گھر کے زیر زمین گودام میں خود کار لیور دبا کر خالی کر دیا جاتا ہے۔
آرمی ویگن
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ فوج کے سامان حرب مثلاً توپوں، ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں، ٹرکوں اور دوسری بھاری مشینری وغیرہ کو دوسری جگہ منتقل کرنا ہوتا ہے تو ان کے لیے مختلف سائز اور شکلوں کی خصوصی ویگنیں استعمال کی جاتی ہیں۔ اسٹیشن پر بنے ہوئے ایک خاص پلیٹ فارم سے یہ گاڑیاں ویگنوں پر چڑھائی جاتی ہیں، پھران کو اپنی جگہ پر قائم رکھنے کی خاطر، وزنی اور مضبوط زنجیروں سے باندھ دیا جاتا ہے اور پھران کے پہیوں کے ساتھ رکاوٹیں کھڑی کرکے ان کی حرکت کو روک دیتے ہیں، تاکہ وہ جھٹکے سے زنجیر توڑ کر نیچے نہ جا گریں۔
ریلوے ویگن
یہ وہ ویگنیں ہوتی ہیں جن میں محکمہ ریلوے کے شعبہ انجنئیرنگ والے اپنا تعمیراتی سامان لے کر جاتے ہیں۔ مثلاً پٹری کے لیے لمبے فولادی گارڈر، سلیپر یا پٹری پر ڈالنے کے لیے بجری یا پتھروغیرہ۔ خراب ڈبوں یا ریلوے انجنوں کو اٹھا کر ورکشاپ پہنچانے کے لیے بھی خصوصی ویگنیں استعمال ہوتی ہیں۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔