پانی کا سنگین بحران در پیش ، ہنگامی بنیادوں پر تیاری کرنا ہوگی، ڈاکٹر ظفر معین

پانی کا سنگین بحران در پیش ، ہنگامی بنیادوں پر تیاری کرنا ہوگی، ڈاکٹر ظفر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ مستقبل میں پانی کا سنگین بحران در پیش ہے جس سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تیاری کرنی چاہئے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے تعاون سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے اقدامات اور رضاکارانہ خدمات کے شعبوں میں ابھرتے ہوئے چیلنجز کے موضوع پر انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر خرم شہزاد،چیئرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر زاہد جاوید،حافظ محمد اکرم، اسسٹنٹ پروفیسر سونیا عمرودیگر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی آفات سے بچاوٗ اور نمٹنے کے لئے مہارت اور صلاحیت کا فقدان ہے اور اس سلسلے میں بہت سا کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک میں ایمرجنسی اینڈ سوشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا تعلیمی پروگرام شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایسی سوچ اپنانی چاہئے جس سے مسئلے حل ہو سکیں ایسے نظام کے آئیڈیے پر کام کریں جو مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ خدمات کے شعبے کو بھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت پروان چڑھنا چاہئے۔ چیئرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر زاہد جاوید نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کررہے ہیں۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر خرم شہزاد نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔