فضل محمود نیشنل انٹر کلب کر کٹ ٹورنامنٹ مذاق بن کر رہ گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والا فضل محمود نیشنل انٹر کلب کر کٹ ٹورنامنٹ لاہور میں مذاق بن کر رہ گیا۔لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن میں ایک گراونڈ پر دو دو میچز کروانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔گولڈن سٹار کرکٹ کلب نے جلو سٹیڈیم میں بیک وقت دو میچز کروانے کا معاملہ پی سی بی کے سامنے اٹھا دیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فضل محمود کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام دوسرے مرحلے کے لئے جلو سٹیڈیم میں گولڈن سٹار کرکٹ کلب اور جلو جم خانہ کا میچ شیڈول تھا جبکہ اسی گراونڈ میں سروس کلب اور شمشیر کلب کا میچ بھی رکھا گیا تھا۔جلو سٹیڈیم کی گراونڈ چھوٹی ہونے کی وجہ سے دونون گراونڈ کے تیس گز کے سرکل کے اندر باونڈر آتی ہے جس سے فیلڈرز کے زخمی ہونے کے خدشہ ہے۔میچ کے آغاز سے قبل گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے منیجر خادم حسین اور کپتان محمد اشرف نے ایسٹ زون ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین منیر حسین اورسیکرٹری جاوید امین سے مطالبہ کیا کہ وہ گراونڈ کی دوسری جانب جاری سروس کلب اور شمشیر کلب کے میچ کے باعث کھلاڑی زخمی ہوسکتے ہیں اور میچ اس صورت حال میں ہونا ممکن نہیں مگر ایسٹ زون ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین منیر حسین اور سیکرٹری جاوید امین نے گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے منیجر اور کپتان سے کہا کہ وہ اسی صورت حال میں میچ کھیلیں اگر وہ میچ نہیں کھیلیں گے تومد مقابل ٹیم کو فاتح قرار دے دیا جائے گا۔ایسٹ زون ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین اور سیکرٹری کا موقف تھا کہ پی سی بی اس ٹورنامنٹ کے لئے گراونڈ فراہم نہیں کررہا لہذا ہم اسی طرح میچز کروائیں گے۔