نگران صوبائی وزیرابراہیم مراد کاراولپنڈی میٹرو بس کا دورہ، خستہ حالی پر اظہار برہمی

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اور سٹیشن کی خستہ حالی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مرادنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن کی حالت زار دیکھ کر انتہائی دکھ اور تکلیف ہوئی، ایک لاکھ سے زیادہ لوگ میٹرو بس سروس سےروزانہ مستفید ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے عوامی فلاح جیسے منصوبوں کو نقصان پہنچایا گیا، میٹرو سٹیشن کا نقصان درحقیقت عوام کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرمت پر تقریبا 15کروڑ لاگت آئے گی، مرمت کے کام کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر کشمنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ جزوی طورپر سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن ایک ماہ میں فعال ہو جائے گا تاہم مرمت کا کام مکمل ہونے میں 3 ماہ کا عرصہ لگے گا ۔