پاک بھارت کشیدگی ، پاکستان کے کتنے شہری بھارت میں پھنسے ہوئے ہیں؟جانئے

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ریاست اترپردیش میں مقیم تقریباً 1800 پاکستانی شہری وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد بھارت نے اپنے ملک سے پاکستانیوں کو نکل جانے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین حکام نے کہا کہ اتر پردیش میں پاکستانی شہریوں کی تعداد میں ان افراد کو شامل نہیں کیا گیا جو شہریت ترمیمی ایکٹ (CAA) کے تحت بھارتی شہریت کے لیے درخواست دے چکے ہیں۔
بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ کچھ پاکستانی پہلے ہی اپنے طور پر واپس جا چکے ہیں، لیکن جو لوگ مقررہ تاریخ سے قبل روانہ نہیں ہوئے انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔اتر پردیش کے اعلیٰ پولیس افسر پرشانت کمار نے کہا کہ ریاست کی پولیس اور دیگر ایجنسیاں مرکزی حکومت کے احکامات کے مطابق پاکستانی شہریوں کو واپس بھیجنے کے لیے کارروائی کریں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے اعلیٰ پولیس افسر پرشانت کمار کا کہنا تھا کہ ریاست کی پولیس اور دیگر ایجنسیاں مرکزی حکومت کے احکامات کے مطابق پاکستانی شہریوں کو واپس بھیجنے کے لیے کارروائی کریں گی۔انہوں نے کہا کہ اب تک ہمیں اس بارے میں کوئی رسمی حکم نہیں ملا ہے، تاہم اس حوالے سے تمام ضلع پولیس سربراہان کو ضروری ہدایات دی جا چکی ہیں۔
بھارتی سینئر پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ اترپردیش میں مقیم پاکستانی شہریوں کی معلومات اکٹھا کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، بیریلی میں 35، رامپور میں 30، بلندشہر میں 18 اور وارانسی میں 10 پاکستانی شہری مقیم ہیں۔