’کٹھ پتلی بزدل کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں کشمیر کا سودا نا منظور‘بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا دعویٰ کردیا

 ’کٹھ پتلی بزدل کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں کشمیر کا سودا نا منظور‘بلاول ...
 ’کٹھ پتلی بزدل کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں کشمیر کا سودا نا منظور‘بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا دعویٰ کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کوٹلی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پیپلزپارٹی(پی پی پی) کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے سے بنی تھی، یہ سفر آج تک جاری ہے،ہم نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو سے سیکھا ہے کہ اگر کشمیر کے عوام کے لئے ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے،ہم نےشہیدمحترمہ بینظیر بھٹو سے سیکھا ہےجہاں کشمیریوں کاپسینہ گرے گاوہاں ہماراخون گرے گا، وہ لوگ جو کہتے ہیں پی پی پی ختم ہوگئی ہے میں ان لوگوں کو کوٹلی کے عوام کا جذبہ دکھاتا ہوں،پی پی پی کی سیاست آج بھی کراچی سے لے کر کشمیر تک ہے، پی پی پی کی کشمیر پالیسی یہ ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کریں گے، آزاد کشمیر کا وزیراعظم بھی ایک جیالا ہوگا، آپ کا فیصلہ اگر جنگ ہو گی تو ہم جنگ کریں گے، امن ہوگا تو ہم امن قائم کریں گے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں کوٹلی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ تھا کہ ہمارا نعرہ سب پہ بھاری رائے شماری رائےشماری ،ہم آج بھی اس کٹھ پتلی بزدل کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ کشمیر کا سودا نا منظور، قائد عوام نے کہا تھا کہ وہ اپنی نیند میں بھی کشمیر پر کوئی غلطی نہیں کر سکتے،یہ کٹھ پتلی جب بھی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے،جب مودی نے مقبوضہ کشمیر پر تاریخی حملہ کیا تھا تو بزدل کا جواب تھا کہ" میں کیا کروں؟" اس نے کہا تھا کہ ہم ہر جمعہ کو سڑک پر کھڑے ہوں گے،اگر مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی کے ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں تو آزاد کشمیر کے عوام اس نالائق،نااہل وزیراعظم کی معاشی پالیسی کےبحران کامقابلہ کر رہے ہیں،یہ آج بھی آپ کےانرجی منصوبوں پر ٹیکس لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھاکہ اس حکومت نےعوام کو عذاب میں ڈالا ہواہے،پاکستان میں جتنی مہنگائی ہے اتنی نہ افغانستان میں ہے، نہ بھارت میں اور نہ بنگلہ دیش میں ہے،عمران کی تبدیلی یہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے، آپ نے گھر گھر جا کر یہ سمجھانا ہے کہ یہاں بھی وہ ایک کٹھ پتلی وزیراعظم کو مسلط کر دیں گے ، ہم ایسا وزیراعظم چاہتے ہیں جو یہاں کا وزیراعظم کہے وہ پاکستان کا وزیراعظم کرے، اس کے لئے آپ کو پی پی پی کو پورے کشمیر سے جتوانا پڑے گا تاکہ یہاں ایک ایسی حکومت قائم کریں جو نہ صرف مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھ سکے بلکہ اس کٹھ پتلی کو بھی جواب دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ خود دھاندلی سے ملک پر مسلط ہوئے ہیں، اگر اس ملک میں غریب کسان کو اپنی زمین کا مالک بنایا تو وہ پی پی پی نے بنایا،غریب خواتین کو بی آئی ایس پی پروگرام دیا اور آئندہ بھی جو کام ہوگا وہ بھی پاکستان پیپلزپارٹی کرے گی، باقی ساری جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگائی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی  نے کہا کہ کوٹلی آتے ہوئے میں جس پل سے گزرا اور جس سڑک سے گزرا اور جو منصوبے دیکھے وہ سارے کے سارے پاکستان پیپلزپارٹی نے بنائے، پی پی پی نے صرف کوٹلی میں 14کالجز بنائے، چودھری یٰسین کے حلقہ انتخاب میں 19کالجز بنائے، آپ اس جھوٹی حکومت کے وعدوں پر نہ چلیں، آپ ہمارے کوئی چیز ہی نہیں، آپ کے پاس جیالے ہیں، آزاد کشمیر کا وزیراعظم بھی ایک جیالا ہوگا، ماضی میں پی پی پی کے نمائندوں نے آپ کی خدمت کی ہے اور آپ کے مسائل حل کئے ہیں، اس مرتبہ پی پی پی نے جو ٹکٹ دئیے ہیں ہم نے تجربہ کاروں کو بھی ٹکٹ دئیے ہیں اور نئے نوجوانوں کو بھی ٹکٹ دئیے ہیں ،یہی کمبی نیشن کشمیر کے مسائل حل کرائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہاکہ کوٹلی کےپانی کا مسئلہ،رنگ روڈ پی پی پی بنائے گی،ہم نے کوٹلی میں ائیرپورٹ بنانا ہے،ہم نے کوٹلی کو 100بستروں کا ہسپتال دینا ہے، ہم نے دل ، گردے اور جگر کا علاج یہاں کرنا ہے ،ہم نے عام آدمی کا سہارا بننا ہے، ہم عام آدمی کو عمران خان کی طرح لاوارث نہیں چھوڑ سکتے،ہم نے تنخواہوں اور پنشنوں اور سپاہیوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، جب آپ پیپلزپارٹی کی حکومت منتخب کریں گے تو ہمارا پہلا کام تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا، اس خان نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دے گا، پچاس لاکھ گھر دے گا لیکن لوگوں کو بیروزگار کر دیا اور لوگوں کے سروں سے چھت چھین لی، ایک ہی راستہ ہے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا ہے، آپ نے مجھے پورے کا پورا کوٹلی ڈویژن جتوانا ہے، مجھے بھاری اکثریت چاہیے، آپ کی محنت کی وجہ سے پی پی پی کے جیالے یہ الیکشن جیتیں گے اور ایک جیالا وزیراعظم منتخب کریں گے۔

انہوں نےکہاکہ میں آپ سے اپیل کرتاہوں کہ آپ انتخابات کےدن ایل اے 13سےولید انقلابی کو جتوائیں گے،ایل اے 11 سے سردار محمد بشیر کو ، ایل اے 9 سے جاوید صاحب ،ایل اے  8 سے محمد آفتاب انجم اور ایل اے  10 اور 12 سے چودھری محمد یٰسین صاحب کو منتخب کروانا ہے، اگر ہمارے ساتھ ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت پی پی پی کا راستہ نہیں روک سکتی، کوٹلی کے عوام نے آج یہ فیصلہ سنادیا ہے۔