ایم ایس او پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے کوشاں،سردار مظہر
لاہور (نمائندہ خصوصی)23 مارچ تاریخ ساز دن، پاکستان ریاست مدینہ کے بعد واحد ریاست ہے جس کا حصول اسلام کی بنیاد پر ہوا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظم عمومی MSO پاکستان سردار مظہر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی اور اسلامی ریاست بنایا جائے۔ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان پاکستان کو حقیقی معنی میں فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ایم ایس او نے گزشتہ روز23 مارچ کے حوالے سے ملک بھر میں متعدد تعلیمی اداروں میں سیمینار اور کنونشن کا انعقاد کیا۔ جس میں شہدائے پاکستان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی اور نسل نو کو نظریہ پاکستان اور دو قومی نظریہ سے روشناس کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل کے معماروں کی نظریاتی تربیت کرتے ہوئے نوجوانوں کی ایک ایسی کھیپ تیار کر رہے ہیں جو ملکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا سعادت سمجھتی ہے۔