ٹرمپ کے ٹیرف کی دھمکی کام کرنے لگی، ہنڈائی کا امریکہ میں 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

ٹرمپ کے ٹیرف کی دھمکی کام کرنے لگی، ہنڈائی کا امریکہ میں 21 ارب ڈالر کی سرمایہ ...
ٹرمپ کے ٹیرف کی دھمکی کام کرنے لگی، ہنڈائی کا امریکہ میں 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
سورس: Pexels

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیئول (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی کوریا کی مشہور کار ساز کمپنی ہنڈائی نے امریکہ میں 21 ارب ڈالر  کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی تجارتی شراکت داروں پر نئے ٹیرف عائد کرنے والے ہیں۔ اس منصوبے میں امریکی ریاست لوزیانا میں 5.8 ارب ڈالر کی لاگت سے ایک نئی سٹیل فیکٹری کا قیام شامل ہے۔ ہنڈائی نے مزید کہا کہ وہ امریکہ میں اپنی گاڑیوں کی پیداوار میں اضافے کے علاوہ خودکار ڈرائیونگ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسی نئی ٹیکنالوجیز میں بھی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

بی بی سی کے مطابق اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا ’’یہ سرمایہ کاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ٹیرف انتہائی مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی درآمد پر مزید ٹیرف رواں ہفتے متوقع ہیں۔

ہنڈائی کے مطابق نئی سٹیل فیکٹری سالانہ 2.7 ملین میٹرک ٹن سٹیل تیار کرے گی اور اس کے ذریعے 1400 سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس سٹیل کو ہنڈائی کے الاباما اور جارجیا میں موجود پلانٹس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ کمپنی نے اپنے امریکی پیداواری حجم کو 2028 تک 1.2 ملین گاڑیاں سالانہ تک بڑھانے کے لیے نو  ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے چھ ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو خودکار گاڑیوں، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

اسی ہفتے ہنڈائی موٹر جارجیا میں 7.59 ارب ڈالر کے اخراجات سے تعمیر کی گئی نئی کار اور بیٹری فیکٹری کی افتتاحی تقریب منعقد کرے گی۔ کمپنی پہلے ہی الاباما میں ایک پیداواری مرکز رکھتی ہے، جبکہ اس کی الحاق شدہ کمپنی کِیا کی جارجیا میں ایک فیکٹری موجود ہے۔ ہنڈائی کے مطابق جب یہ تینوں پلانٹس مکمل طور پر فعال ہوں گے تو یہ سالانہ ایک ملین گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت رکھیں گے۔ کمپنی نے مزید اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ سے تین  ارب ڈالر مالیت کی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) خریدے گی۔

مزید :

بزنس -