نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا

ویلنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں عبرتناک شکست سے دوچار کرتے ہوئے سیریز 4-1 سے جیت لی۔
تفصیلات نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف2 وکٹ کے نقصان پر محض 10اوورز میں عبور کر لیا جس میں اوپننگ پر آنے والے ٹم سیفرٹ نے پاکستانی باؤلرز کی خوب دھنائی کرتے ہوئے97رنز کی اننگ کھیلی جبکہ فن ایلن نے 27 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ مارک چیپمین صرف 3رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
قبل ازیں نیوزی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی جانب سے محمد حارث اور حسن نواز نے بیٹنگ کا آغاز کیا، پاکستان نے نیوزی لینڈکو جیت کیلئے129رنز کا ہدف دیدیا، سلمان علی آغا51رنز کے ساتھ سرفہرست رہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 5رنز پر گری جب حسن نواز صفر پر آؤٹ ہو گئے۔محمد حارث اور عمیر یوسف بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
23کے مجموعی سکور پر محمد حارث11رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،عمیر بن یوسف بھی 25کے مجموعی سکور پر 7رنز بناکرآؤٹ ہو گئے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان خان تھے جو 43کے مجموعی سکور پر 7رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔52کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گر گئی ،عبدالصمد 4رنزبنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 106رنز پرگری، شاداب خان 28رنز پر آؤٹ ہو گئے۔شاداب کے بعد جہانداد بھی چلتے بنے،پاکستان کی ساتویں وکٹ 108رنز پر گری جب جہانداد خان ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی 121رنز پر 8ویں وکٹ گری جب سلمان علی آغا51رنز پر آؤٹ ہو گئے۔پاکستان کی 9ویں وکٹ 123رنز پر گر گئی، سفیان مقیم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈکوجیت کیلئے 129رنز کا ہدف دیدیا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 128رنز بنائے، سلمان علی آغا51رنز کے ساتھ سرفہرست رہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 میچ ویلنگٹن ریجنل سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، میزبان نیوزی لینڈ کو سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ میں فتح کیساتھ سیریز کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نئے لڑکوں کو موقع دینے کی کوشش کر رہے ہیں، کوشش ہو گی میچ میں فتح حاصل کریں اور پھر ون ڈے سیریز جیتیں۔
ٹیم سے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ اور عباس آفریدی کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیم میں عمیر بن یوسف، عثمان خان، جہانداد خان، سفیان مقیم اور محمد علی کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی سکواڈ
قومی سکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، محمد حارث، حسن نواز، عمیر بن یوسف، عثمان خان، شاداب خان، عبدالصمد، جہانداد خان، حارث رؤف، سفیان مقیم اور محمد علی شامل تھے۔
کیوی ٹیم
کیوی ٹیم کپتان مائیکل بریسویل، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، مچل ہے، ایش سوڈھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز اور ول اوورکے پر مشتمل تھی۔