آسٹریلیا میں پڑھنے گئے نوجوان نے کالج چھوڑ کر چائے بیچنا شروع کردی، کروڑوں کمانے لگا

آسٹریلیا میں پڑھنے گئے نوجوان نے کالج چھوڑ کر چائے بیچنا شروع کردی، کروڑوں ...
آسٹریلیا میں پڑھنے گئے نوجوان نے کالج چھوڑ کر چائے بیچنا شروع کردی، کروڑوں کمانے لگا
سورس: Instagram

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کینبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) میلبورن کی مصروف الزبتھ سٹریٹ پر ایک چائے کا سٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کا نام  " ڈراپ آؤٹ چائے والا" ہے۔ اس منفرد برانڈ کے پیچھے سنجیت کونڈا کا نام آتا ہے، جو کبھی ہندوستان کے شہر بنگلور سے آسٹریلیا پڑھنے آیا تھا، مگر اس کی قسمت نے اسے ایک الگ راستے پر ڈال دیا۔

نیوز 18 کے مطابق سنجیت کی کہانی 2018 میں شروع ہوئی، جب وہ صرف 18 سال کی عمر میں آسٹریلیا آیا تھا تاکہ لا ٹروب یونیورسٹی کے بونڈورا کیمپس میں بزنس سٹڈیز کی تعلیم حاصل کر سکے۔ چار سمسٹرز تک اس نے اپنی پڑھائی جاری رکھی مگر پانچویں سمسٹر میں اسے احساس ہوا کہ کتابیں اور لیکچرز اس کی منزل نہیں ہیں۔ چائے سے اس کی محبت نے اسے ایک نیا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔

 سنجیت پہلے سے خود مختار زندگی گزارنے کا عادی تھا۔ اس کا والد سعودی عرب میں مکینیکل انجینئر تھا، جبکہ والدہ گھریلو خاتون تھیں۔ تاہم میلبورن میں سنجیت کو اپنی کفالت خود کرنی پڑی۔ وہ اخراجات پورے کرنے کے لیے کبھی کینٹین میں برتن دھوتا تو کبھی پیٹرول پمپ پر کام کرتا۔

سنہ 2021 میں سنجیت نے اپنے تین دوستوں اسر احمد سعید، پرتیم اکولا، اور ارون پی سنگھ کے ساتھ مل کر 30 ہزار ڈالر  کی سرمایہ کاری سے چائے کا سٹال لگانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اس کا نام ڈراپ آؤٹ چائے والا رکھا، جو دیکھتے ہی دیکھتے عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

شروع میں انہوں نے مسالہ چائے، ادرک-شہد چائے، اور پودینہ-لیموں چائے جیسی پانچ اقسام کے ساتھ کام کا آغاز کیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شہرت بڑھتی گئی، اور ان کے سٹال پر لوگوں کا رش لگنا شروع ہو گیا۔ سموسے اور سینڈوچ بھی مینو میں شامل کیے گئے، اور چائے کے ساتھ ان سنیکس کی قیمت تقریباً  ساڑھے چار  ڈالر رکھی گئی۔

مارچ 2023 میں سنجیت نے ایک اور قدم آگے بڑھایا اور موبائل ٹی ٹرک متعارف کرایا، تاکہ وہ یونیورسٹی ایونٹس، فیسٹیولز، اور شادیوں جیسے مواقع پر بھی اپنی چائے فروخت کر سکیں۔ اگست 2023 تک لا ٹروب سٹریٹ اور سدرن کراس سٹیشن پر دو مزید شاخیں کھول دی گئیں۔ آج ڈراپ آؤٹ چائے والا کی ٹیم میں 40 ملازمین کام کر رہے ہیں اور یہ میلبورن کے مشہور کھانے پینے کے برانڈز میں شمار ہونے لگا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 2022 میں ڈراپ آؤٹ چائے والا نے سالانہ ساڑھے چھ لاکھ ڈالر  (تقریباً ساڑھے 11 کروڑ روپے) کا کاروبار کیا تھا۔ اگرچہ تازہ مالیاتی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں، لیکن اندازہ لگایا جاتا ہے کہ سنجیت کی خالص آمدنی کل آمدن کا تقریباً 20 فیصد ہے۔

مزید :

بزنس -