انجینئرنگ یونیورسٹی لٹریری سوسائٹی کا سالانہ مشاعرہ
لاہور (لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام 37 واں سالانہ مشاعرہ ہوا جس کی صدارت معروف شاعر نصرت صدیقی نے کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی دیگر شعراء میں فرحت عباس شاہ، منصور آفاق، احمد ساقی،افضل ساحر،باقی احمدپوری، عمیر نجمی،امن شہزاد ی،صائمہ ٓفتاب، نعیم اللہ انمول، کاشف غلام رسول،نعمان راؤ، احمد نواز شامل تھے جنہوں نے اپنے منفرد کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے بہترین مشاعر ے کے انعقاد پر لٹریری سوسائٹی کے عہدیداران،ڈی ایس اے اور ا نکی ٹیم کی تحسین کی اور مہمان شعرا کی آمد اور بہترین کلام پیش کرنے پر ا ن کا شکریہ ادا کیا۔
وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اردو زبان کے فروغ میں مشاعروں کی بڑی اہمیت رہی ہے۔کسی بھی زبان کی ترقی و ترویج کے لیے مشاعروں نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ مشاعرے تہذیبی اور ثقافتی روابط کواستحکام بخشنے اور لوگوں کو آپس میں ملنے جلنے کا ایک خوبصورت موقع فراہم کرتے ہیں،شاعری میں جس طرح جذبات و احساسات کی ترجمانی ممکن ہے وہ نثر میں نہیں ہو سکتی۔اکثر اشعار اس طرح جذبات و کیفیات کی عکاسی کرتے ہیں کہ سننے والا اپنے دل کی دھڑکنوں کو محسوس کرتا ہے۔ مشاعرے میں شامل بڑی تعداد میں شرکا نے مہمان شعرا کے کلام کو سراہا اور خوب داد دی۔ مشاعرے میں فیکلٹی ممبران مختلف شعبوں کے سربراہان کے علاوہ کالم نگار نعیم مسعود نے بھی شرکت کی۔