دنیا کا شہر جہاں 5 منٹ میں پیدل چل کرہر جگہ پہنچنا ممکن ہے!
یہ دنیا کا پہلا ایسا منفرد شہر ہے،لیکن ذہن میں کسی بھی ایسے شہر کا تصور نہیں آتا بلکہ اس کے برعکس ذہن میں گہماگہمی، ٹریفک اور طویل فاصلوں کا خیال آتا ہے،لیکن کیا آپ کو دنیا کے اس منفرد شہر کے بارے میں علم ہے جہاں کسی بھی جگہ محض 5 منٹ پیدل چل کر پہنچنا ممکن ہے؟جی ہاں واقعی اسے دنیا کا پہلا،منفرد شہر قرار دیا جاتا ہے اور یہ شہر ڈنمارک میں موجود ہے۔
کوپن ہیگن کے نواح میں موجود شہر ”نورداھوان“ Nordhavn کسی زمانے میں صنعتی علاقہ تھا، مگر اب یہ یورپ کا منفرد ترین شہر بن گیا ہے۔اس شہر کی منصوبہ بندی میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ وہاں رہنے والوں کو روزمرہ کی ضروری اشیا ء تک رسائی صرف 5 منٹ کی چہل قدمی سے ممکن ہو یا وہ 5 منٹ تک چل کر میٹرو سٹیشن پہنچ کر پبلک ٹرانسپورٹ کو استعمال کرسکیں۔یہاں ہر فرد کو جو کچھ بھی درکار ہوتا ہے، اس تک اس کی رسائی 400 میٹر چہل قدمی سے ممکن ہے۔اس جدید دور میں دفاتر یا کسی بھی جگہ کا سفر ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے جس کے لئے روزانہ کافی وقت درکار ہوتا ہے۔
نورداھوان کو سرکاری طور پر کوپن ہیگن کا ضلع کہا جاتا ہے، مگر اس کے حجم اور انفرادیت کے باعث اسے شہر کہا جاتا ہے۔ اسے اس طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہر چیز یعنی تعلیمی ادارے، کھیلوں کے میدان، دفاتر اور رہائشی مقامات ہر جگہ تک رسائی 5 منٹ کے اندر ممکن ہو۔ اگر آپ صبح کی چہل قدمی کے لئے نکلیں تو سیر کرنے کے بعد اپنے دفتر بھی جا سکتے ہیں یا دوپہر کو دفتر سے نکل کر گھر آکر کھانا کھا سکتے ہیں۔اس شہر میں گاڑیوں کو خوش آمدید نہیں کہا جاتا بلکہ یہاں سے کوپن ہیگن جانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہے۔
625 فٹبال گراؤنڈ جتنے رقبے پر پھیلا یہ شہر ماضی میں ایک بندرگاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔اسے صنعتی علاقے سے پانچ منٹ کے شہر میں تبدیل کرنے کا کام 2008ء میں شروع ہوا۔ اس کا بنیادی مقصد ماحول دوست رہائشی مقام کی تعمیر تھا، جہاں گاڑیاں موجود نہ ہوں جبکہ ہر جگہ پیدل یا سائیکل پر سفر کرکے جانا ممکن ہو۔اس کے ساتھ ساتھ سرسبز مقامات اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز سے وہاں رہنے والوں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔یہ شہر آئندہ 50 برسوں میں 40 ہزار افراد کی رہائشی ضروریات کو مد ِنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔یہاں توانائی کے ماحول دوست ذرائع پر انحصار کیا جاتا ہے جبکہ راہ گیروں اور سائیکلنگ کے انفراسٹرکچر کوترجیح دی گئی ہے۔ اس پراجیکٹ پر کام اب بھی جاری ہے اور یہ 2060ء تک مکمل ہو گا جس کے دوران وہاں چھوٹے جزائر بھی تعمیر کئے جائیں گے اور ابھی وہاں کچھ علاقے مکمل ہو چکے ہیں جہاں لوگ بھی مقیم ہیں۔ ٭٭٭