مودی سرکار امن کو داﺅ پر مت لگائے‘حنیف جالندھری
ملتان(سٹی رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمِ اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کے تناظر میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پاک بھارت تعلقات میں دانستہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوششیں نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔مولانا حنیف جالندھری(بقیہ نمبر13صفحہ7پر )
نے کہا کہ مودی سرکار اپنی داخلی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے خطے کے امن کو داﺅ پر لگانے سے باز رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت یا کسی قسم کی عسکری کارروائی کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے-انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی پوری قوم، بالخصوص مذہبی طبقہ، اہل مدارس و مساجد اپنے وطن کے دفاع کے لیے متحد اور اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وطن عزیز کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا اور قوم ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار ہے۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملک بھر کے مدارس کے منتظمین، مساجد کے آئمہ کرام اور خطبا سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات اور دروس کے ذریعے عوام کو ملکی سلامتی کی اہمیت سے آگاہ کریں، قوم میں شعور بیدار کریں، اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں اور باقاعدگی سے پاکستان کی سلامتی، استحکام، افواج کی کامیابی اور دشمنوں کے شر سے حفاظت کے لیے دعاں کا اہتمام کریں۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو سلامت رکھے، افواجِ پاکستان کو قوت و نصرت عطا فرمائے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائے۔ آمین۔