پاکستان میں تمام قوموں کو مساوی حقوق دیئے گئے ہیں،انجم اقبال
کراچی(سٹاف رپورٹر)صوبائی سیکریٹری اقلیتی امور انجم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ وزرات اقلیتی امور اس سلسلے میں مسلسل تمام قوموں سے روابط رکھ کر انکی شکایات کا جائزہ لیکر اسکا ازالہ کرتی ہے۔ وہ آج وزارت اقلیتی امور کے کانفرنس روم میں جسٹس ہیلپ لائن انٹرنیشنل کے وکلا ، اقلیتی رہنماوں، اقلیتی وکلا کے ہمراہ منعقدہ ایسٹر کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر ممتاز قانون دان سلیم مائیکل ایڈوکیٹ نے کہا کہ تمام قوموں کے تہوار مذہبی۔ ہم آہنگی ،اتحادو یگانگت کو فروغ دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں سیکریٹری اقلیتی امور اور انکے افسران کا کردار قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر ایسٹر کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب سے ڈائریکٹر اقلیتی امور اسلم کھوسو، راجندر ایڈوکیٹ، مشتاق ایڈوکیٹ، ارون ایڈوکیٹ، فہد ندیم ایڈوکیٹ، عمران علی ایڈوکیٹ، لیبر لیڈرزسیدذوالفقارشاہ، عباس احمد، بشارت اٹھوال افسران اور دیگر بھی موجود تھے۔