میپکو ریجن، 50لاکھ سے زائد صارفین کو ریلیف فراہم

میپکو ریجن، 50لاکھ سے زائد صارفین کو ریلیف فراہم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان (نیوز رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں میپکو ریجن میں 50لاکھ75ہزار 741گھریلوصارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی مدمیں ریلیف دیدیاگیاہے۔ مسلسل چھ ماہ 200سے کم یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو ایف پی اے کی مد میں 6روپے فی یونٹ ریلیف دیاگیاہے جن صارفین کے گزشتہ 6ماہ میں ایک مرتبہ بھی 200سے (بقیہ نمبر7صفحہ6پر)
زائد یونٹس استعمال ہوئے ہیں اور جون 2022 میں 200یونٹس یا کم استعمال ہوئے ہیں انہیں ایف پی اے کی مد میں 9.897روپے فی یونٹ ریلیف دیاگیاہے اور انہیں رواں ماہ اگست کے بلوں میں ایف پی اے نہیں لگایاجائیگا۔ درست شدہ بل میپکو کی ویب سائٹ www.mepco.com.pkسے ڈان لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہاکہ بیچ ایک سے بیچ9کے درست شدہ بلوں کی تاریخ ادائیگی 31اگست2022 تک توسیع کردی گئی ہے ان بیچز کے صارفین کی آخری تاریخیں بالترتیب 22،24،25اور29اگست تھی جس میں مہینے کے آخری دن تک توسیع کی گئی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن کے ایسے صارفین جنہوں نے ماہ اگست 2022 کے بل پہلے اداکردئیے ہیں انہیں ایف پی اے کا کریڈٹ ماہ ستمبر کے بلوں میں دیدیاجائیگا۔ حکومت نے جنوبی پنجاب کے 5لاکھ10ہزار کمرشل کیٹگریز کے صارفین کو عائد کردہ فکس ٹیکس بھی مکمل ختم کردیاہے۔ پرائیویٹ زرعی ٹیوب ویل صارفین کو اگست 2022 میں ایف پی اے کا ریلیف دیاگیاہے اور انہیں ماہ اگست کے بلوں میں ایف پی اے نہیں لگایاجائیگا جبکہ دیگر تمام کیٹگریز /ٹیرف کے صارفین کے لئے نارمل ایف پی اے لاگو رہیگا۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری اور نااہلی میں ملوث افسران /اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجارہاہے اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ میپکو مینجمنٹ کی پہلی ترجیح صارف ہے اور تمام صارفین کے ساتھ عزت و تکریم کے ساتھ پیش آنا اور ان کے مسائل سن کر حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس میں غفلت برتنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ صارفین کی شکایات کے بروقت اور فوری ازالے کے لئے کنزیومر فیسلی ٹیشن سسٹم بنارہے ہیں۔صارفین کی سہولیات کے لئے تمام سرکل دفاترمیں کسٹمرسروسز سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں نئے بجلی کنکشنوں، بلوں کی تاریخ ادائیگی میں توسیع /اقساط اور دیگر سروسز دی جارہی ہیں۔ میپکو میں کم سٹاف کے ساتھ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ آئندہ ماہ اسسٹنٹ لائن مین اور ایس ڈی اوز میرٹ پر بھرتی کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے جنوبی پنجاب میں غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کمپنی اور صارفین دونوں مشکلات کا شکار ہیں۔ طوفان بادوباراں اور سیلاب میں گرنے والی بجلی تنصیبات کو دوبارہ نصب کرنے کے لئے وقت درکار ہوتاہے۔    اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن ناصر ایاز گرمانی، جنرل منیجر کسٹمرسروسز جام گل محمد زاہد، ڈائریکٹرکمرشل اسدحماد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز جمشید نیازی بھی موجود تھے۔[6:5