لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت 3 ملزم گرفتار

گوجرانوالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ اور اسلام آباد سے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے مطلوب انسانی سمگلر سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گوجرانوالہ سے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے مطلوب انسانی سمگلر سمیت 2 ملزموں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کی شناخت محمد پرویز اور عمران صابر کے نام سے ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کو گجرات اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم پرویز ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی سمگلر اور لیبیا کشتی حادثے کا اہم ملزم ہے ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم پرویز کمپوزٹ سرکل گجرات میں درج متعدد مقدمات میں نامزد ہے، ملزم شہریوں کو غیرقانونی طورپربیرون ملک بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم عمران صابر نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر 4 لاکھ 10 ہزار روپے بٹورے، ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا۔
دریں اثنا ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم علی اکبر کو چکوال سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے شہری کو سٹڈی ویزے پر امریکا بھجوانے کے لئے 37 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ ملزم اور دیگر ساتھیوں نے مذکورہ رقوم نقد اور بینک اکاونٹس میں وصول کیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے شہری کو امریکا براستہ دبئی بھجوانے کے معاملات طے کئے تاہم ملزم شہری کو دبئی بھجوانے کے بعد روپوش ہو گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔