نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کی سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی برائے میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز، جس کی سربراہی نائب وزیر اعظم کر رہے ہیں، نے جمعرات کو ایک اہم فیصلہ کیا، جس کے مطابق نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سالانہ ٹیوشن فیس ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کے لئے 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
روز نامہ جنگ کے مطابق نجی میڈیکل کالجوں میں بڑھتی ہوئی فیسیں عوام، طلبہ اور والدین کے لئے ایک دیرینہ مسئلہ رہی ہیں۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پہلے بھی 4 جون 2022، 10 دسمبر 2023، اور 23 فروری 2024 کے اجلاسوں میں اس معاملے کو زیر بحث لایا تھا۔
مزید برآں 27 فروری 2025 کو کونسل کے فیصلے کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر مسعود گوندل کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے تین اجلاسوں کے دوران نجی اداروں اور پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل انسٹی ٹیوشنز (PAMI) کے نمائندوں سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جامع تجزیہ پیش کیا۔
تفصیلی مالیاتی جائزے اور ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کمیٹی برائے میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز نے فیصلہ کیا کہ نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے لئے سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی جبکہ سالانہ فیس میں اضافہ صارف قیمت اشاریہ (CPI) کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ایم بی بی ایس کے لئے یہ فیس پانچ سال اور بی ڈی ایس کے لئے چار سال تک لاگو ہوگی۔ فیس کے اس ڈھانچے کا عوامی سطح پر اعلان کیا جائے گا اور اس کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے گا تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔