جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عیدالفطر پرسیکیورٹی کے حوالے سے اہم احکامات جاری ، ادارے الرٹ

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ داخلہ پنجاب نے جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عیدالفطر سیکیورٹی کے حوالے سے اہم احکامات جاری کر دیئے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جمعۃ الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلے میں درج ہے کہ نماز کے دوران 3 ٹئیرز پر مبنی فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، تمام عبادت گاہوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ عبادت گاہوں کیلئے ایک مرکزی داخلی دروازہ رکھا جائے اور تمام شہری اسی دروازے کو استعمال کریں۔ اہم مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کی جائیں جہاں سیکیورٹی اہلکار حفاظتی کٹ میں ہوں۔ خواتین نمازیوں کے لیے عبادت گاہوں پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈز کے ذریعے ضروری آپریشن بروقت مکمل کیے جائیں۔ واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں اور عبادت گاہوں میں داخل ہونے والے ہر شخص کی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر جسمانی تلاشی لی جائے۔ اسی طرح مناسب پارکنگ ایریاز پنڈال سے محفوظ فاصلے پر مختص کیے جائیں اور مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں موثر کومبنگ آپریشنز مکمل کیے جائیں۔ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، عید بازاروں اور عوامی مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ رہنماؤں سے رابطے میں رہیں۔ قابل اعتراض تقاریر اور لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی جائے اور عبادت گاہوں کے ارد گرد بھکاریوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ عبادت گاہوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کیلئے مؤثر ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے۔ پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر پابندی کا نفاذ کیا جائے۔ تمام شہروں اور بین الصوبائی داخلی خارجی راستوں پر حفاظتی چیک پوسٹس قائم کی جائیں۔ دوران عید تفریحی مقامات کی حفاظت کا بھی خیال رکھا جائے اور ممتاز مذہبی و سیاسی رہنماؤں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل سکواڈ اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بروقت انفارمیشن شیئرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔