اب کسی سے کوئی خطرہ نہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے :وزیراعظم نواز شریف

اب کسی سے کوئی خطرہ نہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے ...
اب کسی سے کوئی خطرہ نہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے :وزیراعظم نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اب کسی کا ڈر نہیں ہے ، پاکستان میں ہرشعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی،حکومت نے مقامی کرنسی کو مضبوط کیا ہے۔
وفاقی دارلحکومت میںدو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے مالیاتی خسارے میں کمی کی ہے،کانفرنس سے غیرملکی سرمایہ کاری میں مدد ملے گی،سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، معاشی اہداف میں بہتری آئی ہے،حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کئی منصوبوں پرکام کررہی ہے،ہم نے ایسے اقدامات کیے جس سے زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہوا۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی اکثریت آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے۔توقع ہے کہ اس قسم کی سرمایہ کاری کانفرنس مزید ہوں گی۔پاکستان میں ہرشعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ہماری حکومت نے مقامی کرنسی کو مضبوط کیا ہے، پاکستان کے یوروبانڈزمیں دلچسپی دیکھی گئی ہے،غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی ظاہرکی ہے،گزشتہ عشرے میں پاکستان میں عالمی مقابلے پرترقی کی شرح کم رہی،ہماری اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے روپے کی قدرمستحکم ہوئی اور اس میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے،ہم نے اپنے نجی شعبے کو این ایل جی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے،حکومت جلد اوجی ڈی سی ایل کے حصص فروخت کرے گی۔
کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ دھرنے والے توخود ہی دھرنا چھوڑ کرچلے گئے ہیں لہذا اب کسی کا ڈر نہیں رہا ہے ،دھرنا دینے والے لوگ پاکستان کے لیے اچھا کام نہیں کررہے، دھرنے دھرے رہ جائیں گے اور پاکستان ترقی کرجائے گا،دھرنے والوں کا پاکستان کی ترقی سے کھیلنا مناسب نہیںہے ۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جوملکی ترقی کا راستہ روک رہے ہیں ان کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کررہے ہیں،ہمیں سیاسی پختگی کامظاہرہ کرنا چاہیے،چینی صدرنے دھرنوں کی وجہ سے اپنا دورہ ملتوی کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے دھرنے والوں پر تنقید کر تے ہوئے کہا کہ وہ انہیں دہشت گردی کا خاتمہ اور ملکی حالات کو درست کرنے دیں کیوں کہ ملک کو غربت،دہشت گردی اورتوانائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا ہے ۔