لاہور ہائیکورٹ نے 16اکتوبر کو نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کر لیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نےسوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت کے کیس میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 16اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شجاعت علی خان وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹس جمع نہ کرانے پر برہم ہوگئے ،عدالت نے کہاکہ 8ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی، وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ ہم رپورٹس جمع کروا دیتے ہیں،عدالت نے کہاکہ آپ یہاں سیر کرنے آئے ہیں کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی،عدالت نے کہاکہ یہ کیس آپ کا ہے نہ عدالت کا، یہ ہم سب کا کیس ہے۔
جسٹس شجاعت علی خان کی جانب سے یہ ریمارکس بھی دیئے گئے پھر ہم ملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں،نگران وزیراعظم آ کر خود جواب دیں،لگتا ہے کہ نگران وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا،وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ ہمیں مزید مہلت دے دیں،عدالت نے کہاکہ آپ سنجیدہ ہوتے تو ہمیں کوئی رپورٹ ضرور جمع کراتے،عدالت نے 16اکتوبر کو نگران وزیراعظم کو پیش ہونے کا حکم دیدیا، عدالت نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بھی پیش ہونے کا حکم دیدیا، عدالت نے کہا کہ ملک اور صوبے کے چیف ایگزیکٹو پیش ہوکر اپنا موقف واضح کریں، اگر وہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے تو عدالت کو لکھ کر دیں،جسٹس شجاعت علی خان نے کہاکہ میں بہت پریشان ہوں۔