شہر ی کے قتل میں ملوث باپ کو سزائے موت اور بیٹے کو عمر قید
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج رائے نواز مارتھ نے مانگا منڈی میں عابد کو قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث باپ بیٹے کوسزا سنا دی،عدالت نے مجرم باپ محمد حنیف کو سزائے موت جبکہ اس کے بیٹے محمد ملوک کوعمر قید کی سزا سنائی،عدالت نے مجرموں کو جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ عدالت میں مانگا منڈی پولیس نے 2012ء میں مقدمہ کاچالان پیش کیا تھااستغاثے کی طرف سے 10گواہ پیش کئے گئے،مقدمہ میں ملزموں پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک خاتون کواغوا ء کرنے کے شبہ میں مقتول عابد کوقتل کردیا تھا،اس سے قبل علاقے کے لوگوں نے ان کے درمیان صلح کروادی تھی تاہم مجرموں نے رنجش برقرار رکھی،وقوعہ کے روزمقتول عابداپنے گھر کی طرف جا رہا تھا کہ مجرموں نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا تھا،فیصلے کے بعد دونوں مجرموں کوواپس جیل بھجوا دیا گیا۔