ایل او سی پر بھارتی جارحیت جاری، شہری علاقوں پر گولہ باری سے متعدد مکانات تباہ
راولا کوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فوج کی جانب سے کرارا جواب ملنے کے بعد بھی بھارتی فوج کا جنگی جنون ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا اور لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو بھاری توپخانے سے نشانہ بنارہی ہے جس کی وجہ سے متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے بٹل سیکٹر کے علاقوں میں سول آبادی پرشدید گولہ باری کرتے ہوئے متعدد مکانات کو تباہ کیا جب کہ رہائشی زخمی ہوئے۔ صبح 3 بجے بٹل، منڈہول، چھتروٹہ، سلوئی، جھاوڑہ، بائیں، ککوٹہ کی سول آبادی پرمارٹر گولے داغے گئے جس کے بعد سیکٹرکے علاقوں میں آمدورفت کا سلسلہ منقطع ہوکررہ گیا جب کہ گولہ باری سے مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
راولا کوٹ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج آئے روز سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، عالمی برادری بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے۔
دوسری جانب راولا کوٹ میں ایلیمنٹری بورڈ پونچھ کے پانچویں اورآٹھویں کے آج ہونے والے پرچہ جات ملتوی اورسرحدی علاقوں میں نجی وسرکاری تعلیمی ادارے 4 روزکے لئے بند کردیئے گئے ہیں۔