دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ،مولانا حامد الحق سمیت 4 افراد شہید

نوشہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے متعدد افراد زخمی و مولانا حامد الحق سمیت 4 افراد شہید ہو گئے، شہادتوں کی تصدیق آئی جی خیبرپختونخوا نے بھی کردی۔
"جیو نیوز" کے مطابق مولانا حامد الحق کے بیٹے ثانی حقانی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے وقت سینکڑوں افراد مسجد کے اندر اور باہر موجود تھے اور دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔مولانا حامد الحق دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے تھے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ جامعہ کے اندر ہوا جس کے نتیجے میں مولانا حامد الحق سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے تھے جنہیں نوشہرہ اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے ، تاہم بعد میں مولانا حامد الحق اپنے زخموں کی تاب نہ لا سکے اور شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق مسجد کے ملحقہ احاطے میں ہی مولانا حامد الحق کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا نماز جمعہ کے بعد ہوا، مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔سنٹرل پولیس آفس کے مطابق حملہ آور مسجد سے ملحقہ دروازے سے اندر داخل ہوا ہے ۔ آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ابھی تک کی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خود کش لگتا ہے، کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔