عمران خان عافیہ کو واپس لانے کا وعدہ پورا کریں ،فوزیہ صدیقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہکی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عام انتخابات 2018 ء میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی حکومت کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔ وہ گذشتہ روز ’’عالمی طبی کانفرنس‘‘ میں شرکت کیلئے بنکاک روانگی کے موقع پر عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز سے ملاقات میں گفتگو کررہی تھیں۔ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عافیہ کی فیملی خواہشمند تھی کہ عام انتخابات کے نتیجے میں ملک میں عوام سے مخلص ایک غیرتمند، ایماندار، مستحکم اور آئین کی پاسداری کرنے والی حکومت اوراسمبلیوں میں عوام، ملک اور جمہوریت کیلئے مثبت کردار ادا کرنے والی اپوزیشن قائم ہو جو اداروں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ 2003 ء میں کمزور اداروں کی وجہ سے ہی سرکاری حکام نے معصوم عافیہ اور اس کے تین کمسن بچوں کو اٹھا کر امریکیوں کے حوالے کردیا تھا جو پہلے عافیہ اور اس کے بچوں کو غیرقانونی طور پر سرحد پار افغانستان اور بعد ازاں امریکہ لے گئے تھے ۔