ایشیا کا وہ ملک جس نے صرف ایک ہفتے میں 90فیصد بالغوں کو تیز ترین ویکسینیشن کر کے سب کو حیران کردیا ،اقوام متحدہ بھی تعریف کرنے پر مجبور

تھمپو(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایشیائی ملک بھوٹان میں 90فیصد بالغوں کو صرف ایک ہفتے میں کورونا ویکسین لگادی گئی جس کی تعریف اقوام متحدہ نے بھی کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھوٹان میں اسٹرا زینیکا کی کورونا ویکسین کا دوسرا ٹیکہ لگانے کی مہم کا آغاز 20 جولائی سے کیا گیا تھا اور سات روز میں 90 فیصد افراد کا کورس مکمل ہوگیا۔بھارت اور چین کے درمیان واقع 8 لاکھ سے زائد آبادی والے چھوٹے سے ملک بھوٹان کی کورونا ویکسین لگانے کی مہم کو یونیسیف نے دنیا کی تیز ترین مہم قرار دیا ہے۔
رواں برس اپریل میں بھوٹان نے بھارت کی جانب سے عطیہ کی گئی اسٹرا زینیکا کے ساڑھے پانچ لاکھ خوراکیں محض دو ہفتوں میں لگا کر عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی تھی تاہم بھارت کی جانب سے مزید ویکسین کی فراہمی نہ ہونے کے باعث ویکسینیشن روک دی گئی تھی۔ویکسینیشن روکنے کے بعد بھوٹان کو اقوام متحدہ کے پروگرام کوویکس کے تحت امریکا سے میڈورنا، گاوی سے فائزر جب کہ ڈنمارک، کروشیا اور بلغاریہ سے ایسٹرازینیکا کی چار لاکھ سے زائد ویکسنز موصول ہونے پر صرف ایک ہفتے میں 90 فیصد آبادی کو دوسری خوراک بھی لگادی گئی۔