ایشیا کپ، قومی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق کھلاڑی مایوس

ایشیا کپ، قومی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق کھلاڑی مایوس
ایشیا کپ، قومی ٹیم کی بدترین شکست پر سابق کھلاڑی مایوس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر اب شدید تنقید کا سامنا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم باری نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی شرمناک پرفارمنس پر انکوائری کروانے اور ٹیم کے پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کردیا۔میڈیاسے بات کرتے ہوئے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے کپتان سمیت سب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں میں ٹیم نے شرم سے سر جھکا دیے۔ گرین شرٹس کا شمار ایشیا کپ کی فیورٹ ٹیم میں کیا گیا لیکن کارکردگی دیکھ کر دل بہت دکھی ہوا، بنگلا دیش کے خلاف 244 رنز کا تعاقب آسان تھا، جس کو پاکستانی بلے بازوں نے بنا کسی حکمت کے تحت پہاڑ بنادیا۔وسیم باری نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں جب آپ ٹارگٹ کی طرف جاتے ہیں تو پھر اسکور کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہیں، 50 اوورز کی کرکٹ میں رنز تک رسائی کے لیے کوئی گیم پلان نظر نہیں آیا، اسی طرح کی پرفارمنس پر پوچھ گحھ نہیں کی جائے گی تو پھر آنے والے میچز میں بھی نتائج ایسے ہی آئیں گے۔وسیم باری کے بقول کپتان سرفراز احمد کو فرنٹ سے لیڈ کرنا چاہیے تھا لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں تھا کہ وہ ایک آسان ہدف کو پانے کے لیے بیٹنگ آرڈر تبدیل کرتے، ایسے اچانک فیصلے اس وقت کیے جاتے ہیں جب ہدف زیادہ ہو، پورے ٹورنامنٹ میں ہمارے ہیروز خود اعتمادی کا شکار نظر آئے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں رمیز راجہ کا کہنا تھا ہے کہ پاکستانی ٹیم اس سے قبل اتنی بے حوصلہ نظر نہیں آئی،غلطیوں پر غلطیاں، پھر غلطیاں، اگر ان کی نشاندہی کی جائے تو ہزار صفحات درکار ہوں گے۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ مکی آرتھر ٹیم کمبی نیشن اور پلیئنگ الیون کے حوالے سے ہی تذبذب کا شکار ہیں، کیا ہم تجربات کرتے رہیں گے، چیمپئنز ٹرافی میں اظہر علی اور محمد حفیظ موجود تھے، ان کو ون ڈے کرکٹ میں غیر موزوں قرار دیدیا گیا، اظہر علی ٹاپ آرڈر کے بہترین بیٹسمین ہیں،چیمپئنز ٹرافی کے بعد مسلسل کمزور ٹیموں کیخلاف کھیلنے کا بھی نقصان ہوا،مضبوط سائیڈز کا مقابلہ کرتے تو اچھی تیاری ہوتی۔سابق کپتان شاہد آفریدی اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بنگلہ دیش کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم کی پوری کارکردگی سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔کرکٹ کے ہر شعبہ میں کمی دیکھنے کو ملی۔آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی طرف سے بہت اچھی کرکٹ کھیلی گئی تھی جس کے بعد توقعات بڑھ گئی تھیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ پاکستانی ٹیم کی گرتی ہوئی کارکردگی دیکھنا مایوس کن ہے۔انہوں نے لکھا، میں امید کرتا ہوں کہ اگلی سیریز تک انتظامیہ سلیکٹرز اور کھلاڑی ایک ساتھ چلیں، لیکن کوئی بات نہیں میں اب بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔