میٹرو منصوبہ ، یونیورسٹی گراؤنڈ کی بحالی کیلئے کنسٹرکشن کمپنی مالکان کو ایک ماہ کی مہلت
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن ٹرین اور میٹروبس منصوبے کے لئے استعمال ہونے والے پنجاب یونیورسٹی کی گراؤنڈ زکی بحالی کے لئے ایک ماہ کی مہلت دے دی جبکہ متعلقہ تعمیراتی کمپنیوں کی طرف سے اس گراؤنڈ کے کرایہ کی مد میں 24لاکھ روپے کا چیک عدالت میں پیش کردیا گیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ منصوبوں کے مٹیریل کی تیاری کے لئے یونیورسٹی کا گراؤنڈ زاستعمال کیا گیا جس سے پورا گراؤنڈ تباہ ہوگیا۔گراؤنڈ کے استعمال کا کرایہ دیا گیا اور نہ ہی اسے تاحال اصل حالت میں بحال کیا گیاہے۔عدالت نے متعلقہ کنسٹرکشن کمپنیوں کو گراؤنڈ کی بحالی کا حکم جاری کیا تھا۔گزشتہ روز کنسٹرکشن کمپنیزکے مالکان کی طرف سے استدعا کی گئی کہ انہیں گراؤنڈز کو اصل حالت بحال کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی جائے ،عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے تینوں کنسٹرکشن کمپنیز کو گراؤنڈ بحال کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دے دی ۔عدالتی حکم پر کنسٹرکشن کمپنیز نے گروانڈ کے کرایہ کی مد میں 24لاکھ روپے کا چیک عدالت میں جمع کروا دیاہے۔
میٹرو ؍ مہلت