داتادربار پارکنگ سٹینڈ کی بندش پر ڈی آئی جی آپریشنز سے تفصیلی رپورٹ طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے داتادربار کی بیسمنٹ پارکنگ سٹینڈ کی بندش کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت نے دوران سماعت پولیس افسر سے سوال کیا کہ بتائیں داتادربار کی بیسمنٹ کب کھولیں گے؟عدالت کو بتایا گیا کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بیسمنٹ کی پارکنگ کو بند کیا گیا تھاجس پر عدالت نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹلز کی پارکنگ توبیسمنٹ میں ہورہی ہے، کیا وہاں کوئی سکیورٹی کا مسئلہ نہیں ؟عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی کہ سکیورٹی میکنزم بنایا جائے تاکہ لوگوں کو پارکنگ میں آسانی ہوجس پر ڈی آئی جی آپریشن نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں کچھ مہلت دے دیں، عدالتی حکم کی تعمیل ہوگی ،عدالت نے ڈی آئی جی کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ 10روز حساس اداروں سے میٹنگ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔درخوست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ داتا دربار پر خودکش حملہ کو8سال گزرگئے لیکن ابھی تک بیسمنٹ میں پارکنگ بحال نہیں کی گئی۔ درخوست گزار نے استدعا کی کہ بیسمنٹ کی پارکنگ کے علاوہ لنگر خانے کوبحال کرنے کا حکم بھی جاری کیا جائے۔
رپورٹ طلب