سی پیک : 70 ہزار ملازمتیں فراہم کیں دو لاکھ مزید دینگے تیسرے فریق کی شمولیت بہتری کی ضامن ہو گی : چینی سفیر

سی پیک : 70 ہزار ملازمتیں فراہم کیں دو لاکھ مزید دینگے تیسرے فریق کی شمولیت ...
سی پیک : 70 ہزار ملازمتیں فراہم کیں دو لاکھ مزید دینگے تیسرے فریق کی شمولیت بہتری کی ضامن ہو گی : چینی سفیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی) چینی سفیر یاﺅ چنگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سی پیک کے 22 جاری منصوبوں میں 70 ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ، اگلے مرحلے میں کم سے کم 2 لاکھ پاکستانی افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ،سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت منصوبے میں بہتری کی ضامن ہوگی ، سی پیک کے اگلے مرحلے میں مختلف شعبوں میں شراکت داری کیلئے نئے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جائیں گے ، سی پیک کے تحت پاکستان میں تعلیم، زراعت، صحت اور لائیو سٹاک کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ چین اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ مزید مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے تاکہ سی پیک کے ذریعے علاقائی تعاون میں مزید وسعت دی جاسکے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے پہلے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چین کے سفیر نے کہا کہ چین کی حکومت اس دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیتی ہے۔

چینی وزیر خارجہ اس دوران اپنے پاکستانی ہم منصب اور دیگر تمام اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران چین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کے اگلے مرحلے پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ سی پیک کے مستقبل پر مذاکرات بھی اس دورے کا اہم حصہ رہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان میں معاشرتی اور نجی شعبے کے فروغ میں خاص دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک نے سی پیک کی تعمیر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ اس مرحلے میں پاکستان کے مغربی علاقوں خصوصاً بلوچستان کے پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔