وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم پاکستان عمران خان اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلی محمود خان نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب، اسپیشل اسسٹنٹ برائے سیاسی امور نعیم الحق، اسپیشل اسسٹنٹ براۓ میڈیا افتخار درانی اور سینئر افسران بھی شامل ہیں،عمران خان اپنےاس دورے میں خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ اراکین سے ملاقات کریں گے اور فاٹا ٹاسک فورس کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے، اس کے علاوہ وہ 100 روزہ پلان پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ بھی لیں گے۔
حکومت کے 100 روزہ منصوبے میں عدالتی اصلاحات، پولیس کو غیرسیاسی بنانا، ٹیکس نظام میں بہتری لانا اور صحت، تعلیم اور زراعت میں مثبت تبدیلیاں لانا شامل ہے،اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کا پشاور کا یہ پہلا دورہ ہے، دورے کے دوران وہ یہاں کے حالات کا جائزہ لیں گے اور نئے منصوبوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔