شادی کے لئے تیار ہونے پارلر جانے والی دلہن لاپتہ، بالآخر نجی ٹی وی کے رپورٹر نے لڑکی کو ڈھونڈ نکالا لیکن سامنے آتے ہی اس نے ایسی بات کہہ دی کہ گھر والوں کے بھی ہوش اُڑادئیے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) چند روز اس غیر معمولی خبر نے میڈیا پر خوب ہلچل برپا کی کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد تیموریہ کی حدود سے ایک دلہن کو چار افراد نے بیوٹی پارلر سے گن پوائنٹ پر اغوا کرلیا تھا۔ دلہن کے والدین اغوا کا پرچہ کٹوانے تھانے پہنچ گئے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جانے لگے۔ بعد میں اس ڈرامے کا ڈراپ سین ہوا تو ایسا حیرت انگیز انکشاف سامنے آگیا کہ جس کی توقع شاید ہی کسی نے کی ہو گی۔ پتا چلا کہ دلہن اغوا نہیں ہوئی تھی بلکہ اپنے محبوب کے ساتھ اپنی مرضی سے چلی گئی تھی۔ نہ کوئی گاڑی اُسے اٹھانے آئی تھی اور نا کسی کے پاس اسلحہ تھا، وہ تو اپنے محبوب کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر آرام سے روانہ ہو گئی تھی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز پر دونوں کا مختصر انٹرویو بھی دکھایا گیا۔ لڑکے نے بتایا کہ لڑکی کے ساتھ اس کا تعلق گزشتہ سات سال سے ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اسلحہ کے زور پر گاڑی میں اغوا کر نے کی بات بے بنیاد ہے بلکہ وہ موٹرسائیکل پر بٹھا کر دلہن کو وہاں سے لے گیا تھا۔ لڑکی نے بھی اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ گزشتہ سات سال سے ان کے درمیان تعلق ہے اور اب وہ نکاح کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنا نکاح نامہ بھی ٹی وی پر دکھایا۔