ورلڈکپ کا فائنل کن ٹیموں کے درمیان ہو گا؟ جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز باؤلر ڈیل سٹین نے پیشگوئی کر دی

کیپ ٹاؤن (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے سابق پیسر ڈیل اسٹین نے ورلڈکپ کے لیے اپنی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق ورلڈ کپ کا آغاز چند روز بعد بھارت میں ہونے جا رہا ہے جس میں شرکت کے لیے پاکستان سمیت مختلف ٹیمیں بھارت پہنچ چکی ہیں۔ورلڈکپ میں پاکستان اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔
سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈویلیئرز اور سابق افریقی رنز مشین ہاشم آملہ بھی اپنی سیمی فائنلسٹ ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کر چکے ہیں۔اب جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے ورلڈکپ کے لیے اپنی فائنلسٹ ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کی ہے۔ڈیل سٹین نے سٹار سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت مشکل فیصلہ ہے لیکن میرا دل تو کہتا ہے کہ جنوبی افریقہ فائنل میں جائے کیونکہ بہت سارے پروٹیز کرکٹرز آئی پی ایل کھیلتے ہیں اور بھارت میں باقاعدگی کے ساتھ کھیلتے چلے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے پاس ڈیوڈ ملر اور ہنرچ کلیسن جیسے بیٹرز ہیں،ا س کے علاوہ پروٹیز کے پاس کگیسو ربادا جیسا بولر ہے جو بھارت میں باقاعدگی سے کرکٹ کھیل رہا ہے لیکن اس سب کے باوجود سابق جنوبی افریقی سپیڈ گن پروٹیز ٹیم کی حمایت کے معاملے میں تذبذب کا شکار نظر آئے۔
دوسری جانب سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے اپنی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ" انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بہت اچھی ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ فائنل بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔میرا دل کہتا ہے کہ اس ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ بہت اچھا کرے گا، انگلینڈ کی ٹیم بھی بہت اچھی ہے اور وہ بھی فائنلسٹ ٹیموں میں شامل ہو سکتی ہے لیکن میرا دل جنوبی افریقہ کے ساتھ ہے"۔