'بچوں کا قصور نہیں' 2 بچوں کے علاج کیلئے بھارت جانیوالی فیملی پاکستان واپس پہنچ گئی

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )2 بچوں کے دل کے علاج کے لئے بھارت جانے والی فیملی مودی حکومت کی جانب سے ملک چھوڑنے کے احکامات کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بچوں کے والد شاہد علی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارت سے علاج کروائے بغیر واپس آئے ہیں اور جو حالات پیدا ہوئے اس میں بچوں کا کوئی قصورنہیں تھا لہٰذا حکومت سے اپیل ہے کسی اور ملک میں بچوں کا علاج کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈاکٹر کہہ چکے ہیں کہ بچوں کے علاج میں پہلے ہی دیرہوگئی ہے، حکومت سے اپیل ہے کہ بچوں کے علاج کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بھارت نے بنا کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کردیا۔
تاہم پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر بھارت معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانا چاہتا ہے تو پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائی کی گیدڑ بھبکیاں بھی دی جارہی ہیں تاہم پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یہ واضح کرچکی ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کا بھارت کو ایسا جواب دیا جائے گا جو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔