’اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان اور بھارت کو کشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے پر زور

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیچیدہ مسائل کا حل تعمیری مذاکرات سے ممکن ہے۔
نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق ایک بیان میں نائب ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ ہر اس اقدام کی حمایت کے لیے تیار ہے جو دونوں ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم اور بات چیت کو فروغ دے۔ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کےلیے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ ہر مثبت اقدام کی حمایت کریں گے، سیکرٹری جنرل یو این نے دونوں ممالک کوکشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے تھے ۔