’’ ہم تب چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ۔ ۔ ۔‘‘ نقیب اللہ محسود کے قتل کے بعد قبائل نے اب تک کا سب سے بڑا اعلان کردیا

ٹانک(ویب ڈیسک) قبائل رائو انوار کی گرفتاری اور سزاتک چین سے نہیں بیٹھیں گے تاہم محسود قبائل کیساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کیخلاف یکم فروری کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا دیا جائیگا۔
فلاحی تحریک محسود قبائل کی کال پرٹانک ٹائون ہال گرائونڈ میں منعقدہ احتجاجی جلسہ سے تحریک کے صدر شیر پائو، کلیم اللہ ایڈووکیٹ،سعید انور محسود و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روپوش ایس ایس پی رائوانوارکو کسی تیسری قوت نے قتل کردیا تو اس کے ذمے دار محسود قبائل نہیں ہونگے، انہوں نے کہا کہ محسود قبائل کا استحصال کسی صورت قبول نہیں، زینب قتل کیس کے نامعلوم ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ نقیب اللہ محسود ودیگر قبائلیوں کے ماورائے عدالت قتل میں نامزد ملزم ایس ایس پی رائوانوارکاگرفتار نہ ہوناحکومت کی قبائل دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ قبائل رائوانوار کی گرفتاری اور سزاتک چین سے نہیں بیٹھیں گے،محسود قبائل کیساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کیخلاف یکم فروری کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا دیا جائیگا، کراچی میں جاری دھرنا 30جنوری کو ختم کرکے شرکا اسلام آباد دھرنے میں اپنی شرکت یقینی بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں کی زد میں آکر معذور ہونے والے 75 بچوںکا حساب حکومت کو دینا پڑے گا،جیلوں میں بند ہزاروں قبائلی اور جنوبی وزیرستان کے لاپتہ افراد کو فی الفور رہا کیا جائے آپریشن راہ نجات کے دوران جاں بحق افراد کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو10لاکھ معاوضہ ادا اور نقیب محسود کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔