صوبے کے تمام اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس بنائے جائیں گے ،مشتاق احمد غنی

صوبے کے تمام اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس بنائے جائیں گے ،مشتاق احمد غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواکی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ تمام صوبوں میں یہ واحد صوبہ ہے جس نے بچوں کی حفاظت اور بہبودکیلئے پہلی بار قانونی طریقہ کا روضع کیا ۔خیبرپختونخواکی حکومت یونیسف ،انسانی حقوق کی کمیشن اور محکمہ سوشل ویلفیئرکی مدداور اشتراک سے صوبے کے تمام اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس بنائے گی اور اسی حوالے سے جوبھی قانون سازی کرنی پڑے صوبائی اسمبلی اس میں اپنا بھر پور کرداراداکرے گی ۔ان خیالات کا اظہار سپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے آج صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں چائلڈپروٹیکشن اور بچوں کے فلاح وبہبود کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔اجلاس میں NCHRپاکستان کے چیئر مین جسٹس (ریٹائرڈ)علی نواز چوہان ،ڈاکٹر بیگم جان ،سیکرٹر ی سوشل ویلفیئراور یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس کے شرکاء نے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق کی جانب سے کئے گئے بچوں کی فلاح وبہبوداور ان کو معاشرتی برائیوں سے محفوظ کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کو سہراہا اور پشاور کے بے سہارہ بچوں کیلئے قائم مرکز ’’زمونگ کور‘‘کے لئے ان کی گراں قدرخدمات کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کی ۔سپیکر نے اجلاس کے شرکاء کو اس امر کی نشاندہی کروائی کہ صوبے بھر میں معصوم بچوں خاص کر سٹریٹ چلڈرن کو نہ صرف جنسی درندگی سے بچانے بلکہ چائلڈ لیبرکے خاتمے ،بچوں کے اغواء کی روک تھام اور جسمانی تشدد کے سدباب کیلئے بھی قوانین وضع کرنے ضروری ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئرکے حکام کو ہدایات جاری کی کہ وہ یونیسف اور NCHRکے ساتھ بیٹھ کر اپنی سفارشات وتجاویزکو حتمی شکل دیں اور ان تجاویزکو اسمبلی کی لاء ریفارم کمیٹی میں پیش کریں جس کو بعد میں محکمہ قانون کو بھیج دیا جائے گا تاکہ اس حوالے سے ضروری قانون سازی کی جاسکے ۔سپیکر مشتاق غنی نے اس موقع پر کہا کہ ’’زمونگ کور‘‘جیسامنصوبہ اس صوبے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور ان کی اور تحریک انصاف کی حکومت کی بھر پورکوشش ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواکو باقی صوبوں کیلئے بچوں کے حقوق اور ان کو جسمانی وذہنی استحصال سے بچانے کیلئے ایک ماڈل صوبہ بنایا جائے ۔