گیس کے نئے ذخائر کی تلاش جنگی بنیادوں پر شروع کی جائے‘ رضوان اشرف

گیس کے نئے ذخائر کی تلاش جنگی بنیادوں پر شروع کی جائے‘ رضوان اشرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (یواین پی )آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے سنٹرل چیئر مین رضوان اشرف نے کہا ہے کہ حکومت صنعتوں کو گیس کی ہفتہ کے ساتوں دن 24گھنٹے فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دے اور ملک میں گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کو جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے جبکہ حکومت تاپی اور پاک ایران گیس منصوبے کی فوری تکمیل کیلئے بھی اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا ئے تاکہ صنعتی ترقی کے ذریعے معاشی اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے نیز انہوں نے دستیاب گیس کو ملک بھر میں برابر ی کی سطح پر تقسیم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام صوبوں کو مساوی گیس فراہم کرے تاکہ پنجاب کی صنعتوں و کاروبار کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے ۔میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو گیس کی فراہمی کے ضمن میں اعلان کردہ ترجیحات میں پہلے نمبر پر لائے کیونکہ عام ایام میں ہفتہ کے سا ت روز کے دوران محض چندگھنٹوں کیلئے گیس کی سپلائی اور موسم سرما کے ایام میں گیس کی مکمل بندش سے پیداواری عمل صحیح معنوں میں مکمل نہیں ہوسکتا۔علاوہ ازیں اگر مزدوروں کو روزگار کے مواقع ملیں گے تو تب ہی ان کے گھروں کے چولہے بھی چل سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ باقی تمام سیکٹرز کے مقابلے میں صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی جائے کیونکہ یہ سیکٹر بیرونی زرمبادلہ کے حصول میں سب سے آگے ہے جبکہ ملک بھر میں دستیاب وسائل کو بھی تمام حصے میں برابر تقسیم کیا جانا چاہیے کیونکہ ملک کے ایک حصے میں صنعتوں کو گیس کی ہفتہ بھر فراہمی کی جاتی ہے تو دوسرے حصے میں ایسا نہیں ہوتا جس سے نہ صرف پیداواری عمل متاثر ہونے سمیت برآمدی آرڈرزبھی شدید متاثر ہوتے ہیں بلکہ صوبائی تعصب بھی جنم لیتا ہے جو موجودہ ملکی صورتحال میں درست نہ ہے۔

مزید :

کامرس -