لیگی چیئرمینوں کی اکثریت کا لارڈ میئر کے رویہ کیخلا ف احتجاج ، تقریبات کابائیکاٹ

لیگی چیئرمینوں کی اکثریت کا لارڈ میئر کے رویہ کیخلا ف احتجاج ، تقریبات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(دیبا مرزا سے) صوبائی درالحکومت کی 274یونین کونسلوں میں سے اکثریت کے مسلم لیگی چیئرمینوں کا اپنی ہی پارٹی کے لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کے ناروا روئیے کے خلاف محاذ، تقریبات کا بائیکاٹ بھی شروع کردیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک وہ اپنے روئیے پر نظر ثانی نہیں کریں گے اور منتخب چیئرمینوں کو مئیر آفس میں ان کی عزت نہیں د یں گے تب تک ہم مئیر آفس بھی نہیں جائیں گے اور آنے والے ضلعی اسمبلی کے اجلاس میں بھی لارڈ مئیر سے اس بات کا حساب لیں گے کہ انہوں نے ہاؤس کی منظوری کے بغیر کس طرح سے کروڑوں روپے کے ٹینڈرز منظور کروالئے ہیں۔ انہیں پارٹی نے مئیر بنایا ہم نے پارٹی کے ڈسپلن کے احترام میں انہیں قبول کیا لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک نان منتخب اور مسلط کردہ شخص اپنے آفس میں منتخب نمائندوں کو ذلیل کرے ۔ذرائع کے مطابق چند روزقبل مسلم لیگ (ن) کے لاہور کی مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین اپنی اپنی یونین کونسلوں کے مسائل کے حل کے لئے ووٹرز کے ساتھ ان کے آفس ٹاؤن ہال آئے تواس موقع پر ان چیئرمینوں نے جب مئیر آفس میں داخل ہو کر مئیر سے مصافحہ کرنے کی کوشش کی اور اپنا تعارف کروایا کہ ہم یونین کونسلوں کے چیئرمین ہیں اور آپ کے پاس اپنے اپنے حلقوں کے کام کروانے کے سلسلے میں حاضر ہوئے ہیں تواس موقع پر لارڈ مئیر نے ان چیئرمینوں کی بات کو سنی ان سنی کردیا اور یہ کہہ کر باہر جانے کو کہا کہ وہ نہ تو انہیں جانتے ہیں اور نہ ہی ان کے پاس اتنا ٹائم ہے کہ وہ ان کی بات کو سنیں ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر ان چیئرمینوں نے ان سے کہا کہ آپ کیسے لارڈ مئیر ہیں کہ جو ڈھائی سال سے بھی زائد کا عرصہ گذر جانے کے باوجود یہ ہی نہیں جان سکے ہیں کہ کونسا چیئرمین کس یونین کونسل کا ہے اور آپکا ان سے رشتہ کیا ہے ان کا یہ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے ہم آپکے اس ناروا روئیے پر آپکا اور آپکے آفس کا بائیکاٹ کرتے ہیں اور قیادت کواس کی شکائت بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر لارڈ مئیر نے ان چیئرمینوں سے کہا کہ وہ اس بات کی تشریح کردیں کہ جب چیئرمین مئیر آفس آئیں توان کا مئیر کو کس طرح سے احترام کرنا چاہئے کیا مئیر ان کی آمد کے موقع پر ٹاؤن ہال کے دروازے پر ان کے لئے پھول لیکر کھڑا ہو جائے یا پھر ان کی آمد کے وقت ان کے لئے دروازہ کھولے اس پر ان چیئرمینوں نے لارڈ مئیر سے پھر کہا کہ آپ میں اور ہم میں یہی فرق ہے کہ ہم چونکہ منتخب ہو کر آئے ہیں اس لئے ہمیں یہ بات پہلے سے پتہ ہے لیکن آپکو چونکہ ووٹوں کے بغیر ہی اتنے بڑے منصب پر بیٹھا دیا گیا ہے اس لئے آپکواس بات کا زرا سا بھی احساس نہیں ہے ۔اس سلسلے میں جب لارڈ مئیر سے رابطہ کیا گیا توان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مئیر کی جانب سے ان کے آفس میں آنے والے ہر چیئرمین کو عزت بھی دی جاتی ہے انہیں چائے پانی بھی پیش کی جاتی ہے اور مئیر آفس کے پاس جو تھوڑے بہت اختیارات ہیں ان کے مطابق وہ اپنی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ ان کے پاس آنے والوں کی داد رسی کی جائے ۔