صوبائی وزیر انسانی حقوق کاکبیر والہ میں عقوبت خانہ چلانے کی خبر پر کارروائی کا حکم
لاہور ( لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم کی ڈی پی او خانیوال نعیم اقبال کو کبیر والہ کے علاقے میں نجی کمپنی سرمہ والا کے خلاف سود کے کاروبار اور عقوبت خانے چلانے کی خبر پر فوری کارروائی کا حکم۔تفصیل کے مطابق ایک نجی کمپنی سرمہ والا کے خلاف کبیر والہ کے رہائشیوں بالخصوص اقلیتی برادری کے لوگوں نے صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم سے اپیل کی کہ ان کی فوری مدد کی جائے ۔سرمہ والا کمپنی پر الزام ہے کہ وہ غریب لوگوں کو الیکٹرونکس اشیاء قرضوں کی صورت میں دیکر ناجائز سود وصول کرتے ہیں اور ریکوری کیلئے غنڈے پال رکھے ہیں جو غریب محنت کشوں کو اپنے نجی ٹارچر سیل میں لیجاکر بہیمانہ تشددکا نشانہ بناتے ہیں جبکہ مذکورہ کمپنی کے نمائندگان گھروں میں زبردستی گھس کر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں ۔مسیحی برادری نے صوبائی وزیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس بھی بااثر افراد کا ساتھ دے رہی ہے لہٰذا ان کی داد رسی کی جائے اور ناجائز سود خوروں سے نجات دلوائی جائے۔جس پر صوبائی وزیر اعجاز عالم نے ڈی پی او خانیوال کو ہدایت کی کہ غریب محنت کشوں کی جانب سے غنڈہ عناصر کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرتے ہوئے ایسے انتظامات کیئے جائیں کہ کوئی بھی مظلوم لوگوں کو ہراساں نہ کرسکے اور نہ ہی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر سکے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دور اقتدار میں انسانی حقوق بالخصوص اقلیتوں کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے اور عوام یقین کرلیں کہ پنجاب حکومت ہر لمحہ اپنی مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔