مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف مل کر آواز اٹھانا ہو گی : شاہ محمود
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران کو لندن میں کشمیر کے حوالے سے منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے اصولی موقف کی حمایت میں ہمیں مل کر آواز اٹھانا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں کیا ،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو زیر بحث لایا گیا۔وزیر خارجہ نے آل پارٹیز پارلیمنٹیرینز کمیٹی کی مرتب کردہ 30 اکتوبر کی رپورٹ پر اعتماد میں لیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی او ایچ سی ایچ آر اور آل پارٹیز پارلیمانی کشمیر گروپ کی رپورٹس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے جبکہ پاکستان، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے اصولی مطالبے کے حصول تک ان کی بھرپور سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔بعدازاں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے وزارتِ خارجہ میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ فریقین نے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ٹیلی فونک رابطے میں حالیہ دورہ پاکستان کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیاہے ۔امریکی سینیٹرنے اپنے حالیہ د ورہ پاکستان کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء اور طالبان سے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
شاہ محمود قریشی