بھارت کیساتھ فوری تجارت ممکن نہیں ، روپے کی قدر میں کمی قکے فوائد چار پانچ ماہ میں رونما ہونگے : رزاق داؤد
لاہور ( این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ،ٹیکسٹائل ،صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہاہے بھارت کیسا تھ فوری طور پر تجارت ممکن نہیں ،افغانستان کیساتھ تعلقات میں بہتری کے بعد ہی تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا ،حکومتی پالیسیوں سے انڈسٹری چل پڑی اور روزگار ملنا شروع ہوگیا ،روپے کی قدر کم ہونے کے فوائد آئندہ آنیوالے چار پانچ ماہ میں رونما ہونگے ۔پیر کے روز ایکسپو سنٹر لاہور میں پانچویں پاکستان میگا لیدر شو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکامزید کہنا تھا جب تک بھارت کے الیکشن نہیں ہو جاتے اس وقت تک ماحول سازگار نہیں ،امریکہ کی جانب سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ عملدرآمد پر کئی سال لگ سکتے ہیں ،عوام کو فوری ریلیف ممکن نہیں اس میں کچھ وقت لگتا ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کلیئرنس پر حکومت غور کرے گی ۔ایران اور تائی پی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر فوری پیش رفت ممکن نہیں۔قبل ازیں انہوں نے ایکسپو سنٹر میں پانچویں پی ایم ایل ایس کا افتتاح اور مختلف سٹالز کا معائنہ بھی کیا ۔ ایونٹ پاکستان فٹ وئیر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کرایا جا رہا ہے جس میں 300 سے زائد اسٹا لز لگائے گئے ہیں ۔میگا لیدر انڈسٹری کاروبار برادری متعلقہ اداروں سے 15ہزار سے زائد افراد شرکت کر رہے ہیں۔ایونٹ میں پاکستان کی لیڈر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی معیاری مصنوعات کیلئے خصوصی نمائش بھی شامل تھی ۔میگا شو کے تینوں روز بزنس ٹو بزنس اجلاس بھی شامل ہیں ۔ایونٹ میں بین الاقوامی اور مقامی جوتا ساز ڈیزائنرز جوتوں اور چمڑے کی مصنوعات کے خریدار اور صارفین بھی شرکت کر رہے ہیں ۔ پی ایم ایل ایس لیدر مصنوعات بشمول جوتا سازی ملبوسات دستانے لیبر سے متعلقہ اشیا اور لیدر پروسیسنگ مشینری اور کیمیکل کے فروغ کیلئے ایک سالانہ نمائش ہے۔