میاں بیوی نے انتہائی آسان نسخہ استعمال کرکے لاٹری میں ساڑھے تین ارب روپے جیت لئے، بالآخر جیتنے کا طریقہ بھی سب کو بتادیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) لاٹری جیتنے کا انحصار عموماً آدمی کی قسمت پر ہوتا ہے لیکن امریکہ میں ایک میاں بیوی نے ریاضی کا استعمال کرتے ہوئے لاٹری کے ذریعے دو سال میں 2کروڑ 60لاکھ ڈالر(تقریباً ساڑھے 3ارب روپے) جیت لیے۔ اب انہوں نے اپنا یہ آسان ترین نسخہ لوگوں کو بھی بتا دیا ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق سیلبی نامی اس شخص نے ویسٹرن مشی گن یونیورسٹی سے ریاضی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے جس کا استعمال اس نے لاٹری ٹکٹس کے نمبر ملانے کے لیے کیا۔ اس نے ’ون فال‘ (Winfall)نامی لاٹری کے بروشرز کو جانچنا شروع کیا اور ایسا طریقہ تلاش کرنے کی کوشش کی جس کے ذریعے ’دی رول ڈاﺅن‘ لاٹری کے سسٹم کو شکست دے سکے۔
رپورٹ کے مطابق رول ڈاﺅن بعض لاٹری گیمز میں ایک خاص قانون ہے جس میں جیک پاٹ کی رقم کی ایک حد متعین کی ہوتی ہے یا اس کے تحت ’رول اوور‘ کی تعداد کا تعین کیا گیا ہوتا ہے۔ایک رول ڈاﺅن گیم میں اگر جیک پاٹ یا رول اوور کی حد مکمل ہوتی ہے تو اس میں جیتی گئی رقم یا تو اگلے پرائز کے لیے مختص کر دی جاتی ہے یا پھر اگر کوئی شخص بھی پرائز نہیں جیت پاتا تو مکمل جیک پاٹ ہی اگلے ٹایئر(Tier)کو دے دیا جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں رول ڈاﺅن کا قانون سیکنڈ یا تھرڈ پرائز جیتنے والوں کو بہت زیادہ رقم دلوانے کا سبب بنتا ہے۔
ون فال لاٹری میں سیلبی نے دریافت کیا کہ اگر کوئی شخص بھی 50لاکھ ڈالر کا جیک پاٹ نہیں جیتتا تو رقم ان لوگوں کو دی جاتی ہے جن کے بروشر کے 5، 4یا 3اعداد جیتنے والے بروشر کے نمبر سے میچ کرتے ہیں۔ اب سیلبی اور اس کی اہلیہ میرج سیلبی ایسے ہزاروں ٹکٹ خریدتے اور اس بات کو یقینی بناتے کہ ان کے پاس زیادہ سے زیادہ ایسے ٹکٹ ہوں جن کے 5، 4یا 3اعداد جیتنے والے ٹکٹ نمبر سے میچ کرتے ہوں۔اسی سادہ سے فارمولے پر عمل کرتے ہوئے یہ میاں بیوی اب تک اتنی خطیر رقم جیت چکے ہیں۔ سیلبی نے سی بی ایس ٹی وی کے پروگرام ’60منٹس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”اگر میں صرف جیک پاٹ جیتنے کی کوشش میں لگا رہتا تو شاید آج تک ایک بھی لاٹری نہ جیتتا۔ پہلی بار میں نے ون فال لاٹری کے 3600ڈالر کے ٹکٹ خریدے اور ان کے ذریعے میں نے 6300ڈالر جیتے۔ لاٹری کے سسٹم کی اس خرابی کے بارے میں جاننے کے بعد میں نے اور میری اہلیہ نے روزانہ یہ گیم کھلنی شروع کر دی اور روزانہ ہزاروں ڈالر جیتتے رہے۔ ہم روزانہ 10گھنٹے تک کیسینو میں گزارتے تھے اور کئی دن ایسے بھی ہوتے کہ ہم ایک لاکھ ڈالر تک جیت جاتے تھے۔“