نہا کر چربی پگھلانے کا آسان ترین طریقہ

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپے کو کم کرنے اور چربی پگھلانے کے لیے لوگ جم میں جا کر کڑی ورزشیں کرتے ہیں لیکن اب برطانیہ کے سائنسدانوں نے چربی پگھلانے کا ایک انتہائی آسان طریقہ بتا دیا ہے، میں آپ ایک کو ہاتھ بھی نہیں ہلانا پڑے گا اور آپ کے جسم کی چربی پگھل جائے گی۔ دی مرر کے مطابق نوٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ہم میں سے لگ بھگ ہر ایک روزانہ نہاتا ہے تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس کے ذریعے جسم کی چربی بھی پگھلائی جا سکتی ہے۔نہانے کے ذریعے چربی پگھلانے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ کو ایک طویل ’گرم ببل باتھ‘ لینا ہو گا۔ اس دوران آپ کو کچھ بھی نہیں کرنا۔ بس پانی کے ٹب میں پرسکون بیٹھے رہنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں سائنسدانوں نے درجنوں افراد پر تجربات کیے۔ ان لوگوں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک گروپ کے لوگوں کو ایک گھنٹے کے لیے سائیکل چلانے کو کہا گیا جبکہ دوسرے گروپ کے لوگوں کو ٹب میں 40ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا حامل پانی ڈال کر اس میں آدھ گھنٹہ بیٹھنے کو کہا تھا۔ نتائج میں معلوم ہوا کہ سائیکلنگ کرنے والے گروپ کی کیلوریز زیادہ جلی تھیں، تاہم ٹب میں بیٹھے والے افراد کی بھی اس دوران 140کیلوریز استعمال ہوئیں۔اس گروپ کے لوگوں کو دیگر فوائد یہ حاصل ہوئے کہ ان کا بلڈ شوگر لیول بھی متناسب ہو گیا اور ان کی نیند کا معیار بھی بہتر ہو گیا۔