میرا لیڈر میری تعریف کرتا ہے تو لوگو ں کو کس بات کا گلہ ؟انصاف کی فراہمی کیلئے ہر حد تک جائینگے:سردار عثمان بزدار

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ میرا لیڈر میری تعریف کرتا ہے تو لوگوں کو کس بات کا گلہ ہے؟ پنجاب کے لئے جو کچھ کرسکا ضرورکروں گا، سانحہ ساہیوال کیلئے 72گھنٹے میں جو کیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی،جے آئی ٹی درست طریقے سے کام کررہی ہے ،اقدامات کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے،انصاف کی فراہمی کیلئے ہر حد تک جائینگے۔
ڈی سی آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے حوالے سے 72گھنٹے میں ریکارڈ اقدامات کیے ہیں،متاثرہ خاندان کو سینٹ کمیٹی میں بلانے میں پنجاب حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ،پولیس کو عوام دوست رویہ اپنانا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن اورغیر قانونی کاموں کا نوٹس لیا ہے،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں واٹر سپلائی کی اینٹی کرپشن سے تحقیقات کرائیں گے،پہلی حکومت ہے جو نچلی سطح تک جا کر عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے ہر ڈسٹرکٹ اور ڈویژن میں جانے کی مہم شروع کی ہے،حکومت اورانتظامیہ عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کررہی ہے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ٹوبہ ٹیک سنگھ آمد کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر آفس پہنچے، شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اورمہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اعلی سطح کا اجلاس کی صدارت کی ،جس میں ترقیاتی منصوبوں،فلاح عامہ کی سکیموں اورامن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں،فلاح عامہ کی سکیموں اورامن و امان کی صورتحال کے بارے میں ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ترقی کا سفر پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلاح عامہ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر علاقہ ترقی کے سفر میں شامل ہو رہا ہے،ماضی کے حکمرانوں نے غلط پالیسیوں کے باعث ترقی کو مخصوص شہروں تک محدود رکھا، تحریک انصاف یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گرلز سکول کیلئے بس کی فراہمی یقینی بنائیں گے،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لائیں گے،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی توسیع کا جا ئزہ لیا جائے گا،ہر ضلع میں یوتھ سینٹر اور وویمن سینٹر کا قیام ایک اچھا آئیڈیا ہے ان سینٹرز کے قیام کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔انہوں نے ماضی میں سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ میں ہونے والی باقاعدگیوں اورپبلک ہیلتھ کے منصوبوں میں غیر معیاری مٹیریل کے استعمال پر انکوائری کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا ،جنہوں نے سرکاری وسائل لوٹے ہیں ان سے پائی پائی کا حساب لیں گے،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلاح عامہ کی سکیموں کی خود نگرانی کروں گا۔امن وامان سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع میں پولیس کی نفری کی کمی دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے،کمالیہ اورگوجرہ میں ریسکیو 1122کی سروس کو فوری شروع کیا جائے گا، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں امن کارواں کا آغاز ایک اچھا اقدام ہے،اس ماڈل کو دیگر شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا،ڈولفن فورس کا دائرہ کار ہر ضلع تک بڑھائیں گے،جرائم پر قابو پانے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،پولیس کے رویے میں مثبت تبدیلی ضروری ہے،پولیس کو عوام دوست رویہ اپنانا ہوگا،اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے بھر پور مہم جاری رکھی جائے ۔