وائٹ ہاؤس میں پہلی کر سمس کی تیاریاں
واشنگٹن(این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے کرسمس کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس میں کی گئی سجاوٹ کا افتتاح کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق میلانیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وائٹ ہاؤس میں کی گئی تیاریوں اور دلکش سجاوٹ کے مناظر فلمائے گئے ہیں۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی سجاوٹ میں میلانیا نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پسند کو مدنظر رکھا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک دوست پاؤلو زمپولی کا کہنا تھا کہ میلانیا وہ پہلی خاتون اول ہیں جو وائٹ ہاؤس کے تمام معاملات بڑی ذمہ داری سے نبھا رہی ہیں۔اس سال کرسمس کے جشن میں کی گئی سب سے اہم سجاوٹ میں جنجر بریڈ سے بنا وائٹ ہاؤس کا ماڈل،گولڈ اسٹار فیملی ٹری اور چائنا روم قابلِ ذکر ہیں۔رواں برس اس سجاوٹ میں امریکا کی 29 ریاستوں سے تقریباً 150رضاکاروں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 1600گھنٹوں کی محنت کے بعد یہ سجاوٹ کی گئی۔کرسمس کے لیے وائٹ ہاؤس کو جِھل مِل کرتی روشنیوں اور کرسمس ٹریز کو چاروں طرف مصنوعی برف سے سجایا گیا ہے۔