صوبائی الیکشن کمشنر‘ کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے حوالے سے اجلاس
لاہور(نامہ نگار)چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدار ت کی،چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، ریجنل الیکشن کمشنرز، ضلعی الیکشن کمشنرزاور دیگر افسران کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ملک بھر کے چاروں صوبوں سے اس حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور ہیڈ آفس میں ہائی لیول میٹنگ کے اندر تجاویز پر غور کرنے کے بعد کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)کی بہتری کیلئے اہم اقدامات لئے جائیں گے، اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، الیکشن کمیشن اسلام آباد کے افسران اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے تمام ریجنل الیکشن کمشنر ز اور ضلعی الیکشن کمشنر ز نے بھی شرکت کی، اجلاس کا مقصد شفاف کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویزکا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کے اس اقدام کو سراہا قبل ازیں ڈائریکٹر ایم آئی ایس الیکشن کمیشن اسلام آباد، عمران احمد نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کے مختلف پہلوؤں پر مختصر بریفنگ دی، بعد ازاں ڈائریکٹر ایم آئی ایس دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، بابر ملک نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)میں مزید بہتری لانے کیلئے جامع بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)الیکشن کمیشن کا ایک بہت اہم نظام ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن ووٹرز کا اندراج کر تا ہے اور انتخابات کیلئے انتخابی فہرستیں تیار کرتا ہے۔ یہ سسٹم الیکشن کمیشن اسلام آباد ہیڈ آفس،دفتر صوبائی الیکشن کمشنر اور ضلعی الیکشن کمشنر ز کے دفاتر میں موجود ہے اس سسٹم میں نئے ووٹوں کا اندراج بھی کیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر ایم آئی ایس بابر ملک نے اپنی بریفنگ میں ریجنل الیکشن کمشنر ز اور ضلعی الیکشن کمشنر ز کی طرف سے الیکٹورل رول سسٹم (CERS)کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیش کر دہ تجاویز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تاکہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS)کے اندر ووٹ کے اندراج کا ٹریکنگ سسٹم، مانیٹرنگ سسٹم اور نئے اندراج کے نظام کو آسان اور سہل بنایا جاسکے۔ مزید برآں انتخابی فہرستوں کی مسلسل اپ ڈیشن کا طریقہ کار وضع کیا جاسکے
اجلاس